نئی دہلی، 5 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے مفرور اقتصادی مجرم اور شراب کاروباری وجے مالیا نے کہا ہے کہ وہ بینکوں کا سو فیصد قرض ادا کرنے کو تیار ہے ۔ مالیا نے ٹوئٹ کرکے آج کہا کہ وہ بینکوں سے لئے گئے قرض کی سو فیصد اصل لوٹانے کے لئے تیار ہیں، لیکن وہ سود نہیں چکا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا‘‘سیاستدان اور میڈیا مجھے مسلسل پبلک سیکٹرکے بینکوں سے پیسہ لے کر بھاگنے والے مجرم کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ یہ پوری طرح جھوٹ ہے ۔ مجھے نہیں پتہ کہ کرناٹک ہائی کورٹ کے سامنے قرض کے تصفیہ کی تجویز پر منصفانہ طور پر کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟ مالیا نے کہا کہ کنگ فشر ایئر لائنز کے اقتصادی بحران کا بڑا سبب ہوا بازی ایندھن ( ایویئیشن فیول -اے ٹی ایف) کی زیادہ قیمتیں ہیں۔ کنگ فشر ایک شاندار ایئر لائنز تھی جس نے سب سے زیادہ 140 ڈالر فی بیرل کے حساب سے خام تیل کی خریداری کی تھی۔ اسی وجہ سے خسارہ بڑھ گیا اور بینکوں کا پیسہ ایئر لائنز میں لگ گیا۔ میں نے انہیں اصل رقم کی سو فیصد ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا ’’گزشتہ تین دہائی سے ہندوستان کے سب سے زیادہ شراب تیار کرنے والے گروپ کے آپریٹر کے طور پر ہم نے ملک کی ریونیو میں ہزاروں کروڑ کا تعاون کیا ہے ۔ کنگ فشر ایئر لائنز نے بھی آمدنی میں بڑا کردار ادا کیا ہے ۔ سب سے اچھا ایئر لائنز کو کھونے کا دکھ ہے ، لیکن اب بھی میں نے بینکوں کا پیسہ لوٹانے کی تجویز پیش کی ہے ، تاکہ بینکوں کو نقصان نہیں اٹھانا پڑے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی حوالگی کے فیصلہ کے بارے میں میڈیا کے تجزیے دیکھے ہیں۔ وہ ایک الگ مسئلہ ہے اور اس بارے میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اہم مسئلہ عوام کا پیسہ ہے اور وہ سو فیصد پیسہ لوٹانے کی پیشکش کر رہے ہیں۔