نئی دہلی۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کی جانب سے آئندہ چند ہفتوں میں سونے کو بینکوں میں محفوظ کرنے کی ایک اسکیم کی منظوری متوقع ہے جس کے تحت بینکوں میں اسکیم کی زرد دھات کو محفوظ کرنے والوں کو ٹیکس سے مستثنیٰ سود ادا کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ ’’اس (گولڈ مونیٹائزیشن اسکیم) پر کابینی نوٹ کی گشت عمل میں لائی جاچکی ہے اور منظوری کے لئے دو ہفتوں کا وقت درکار ہوگا‘‘۔ اس اسکیم کی کئی تجاویز زیرغور ہیں جن میں شرح سود بھی شامل ہے۔ماہ مئی میں تجویز کردہ اس اسکیم کے تحت کوئی بھی فرد یا ادارہ کم سے کم 30 گرام سونا بھی بینکوں میں ڈپازٹ کر سکتا ہے۔
3,000 مجاہدین آزادی کی موت کے باوجود وظائف جاری !
نئی دہلی۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) 3,000 سے زائد مجاہدین آزادی کے انتقال کے بعد ایک طویل عرصہ گذر جانے کے باوجود پابندی کے ساتھ ان کے وظائف جاری کرتی رہی جس کے نتیجہ میں حکومت نے اس ضمن میں بینکوں کو فراہم کردہ اپنے 16 کروڑ روپئے واپس حاصل کرلئے ہیں۔ مملکتی وزیر داخلہ کرن رجیجو نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ اس بدعنوانی اور بے قاعدگی کو ملحوظ رکھتے ہوئے حکومت نے مرکز کی طرف سے تقسیم کئے جانے والے ان وظائف کو اب ایس بی آئی کے بجائے دوسرے بینکوں کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔