حکومت سے کارپوریشن کو کوئی ہدایت نہیں ، مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی مالیاتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔/8مئی، ( سیاست نیوز) منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے ان اطلاعات کی تردید کی کہ حکومت نے بینکوں سے مربوط سبسیڈی کی اجرائی سے متعلق اسکیم کے بجٹ کو واپس طلب کرلیا ہے۔ صحافت کے ایک گوشہ میں اس سلسلہ میں شائع شدہ خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کارپوریشن کو اس طرح کی کوئی ہدایت وصول نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے بینکوں سے مربوط سبسیڈی فراہمی اسکیم کیلئے 100کروڑ مختص کئے تھے جس میں سے 75کروڑ روپئے جاری کردیئے گئے۔ حکومت نے استفادہ کنندگان کا نشانہ 26620 مقررکیا تھا۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن نے ابھی تک 4175 استفادہ کنندگان میں 11کروڑ 12لاکھ 89 ہزار روپئے جاری کردیئے۔ اس اسکیم کے تحت 56کروڑ 3لاکھ 57ہزار روپئے موجود ہیں اور 11ہزار 857استفادہ کنندگان میں سبسیڈی کی اجرائی باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے سبب سبسیڈی کی رقم جاری نہیں کی گئی اور نتائج کے بعد کارپوریشن سبسیڈی کی رقم امیدواروں میں جاری کردیگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹرس کے پاس 7158 امیدواروں کی درخواستیں زیر التواء ہیں جس کیلئے 34کروڑ روپئے کی رقم درکار ہے۔ کلکٹر سے درخواستوں کی یکسوئی کے بعد حکومت سے مزید فنڈز کے حصول کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں درخواست گذاروں کو اندیشوں کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔