رقومات جمع کروانے میں ریکارڈ اضافہ ، آر بی آئی سے اعداد و شمار کا اجراء
حیدرآباد۔12مئی (سیاست نیوز) بینکوں سے لین دین کے معاملہ میں جنوبی ہند سے تعلق رکھنے والے ملک کے دیگر علاقوں سے کافی بہتر ہیں۔ ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ مالی سال 2017 کے اعداد و شمار کے مطابق بینکوں میں رقومات جمع کروانے کے عمل میں 13.1 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اس رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ بینکوں سے تعلقات بہتر رکھنے اور لین دین کی معاملتوں میں جنوبی ہند کی ریاستوں سے تعلق رکھنے والوں کی تعداد زیادہ ہے جو بینکو ںمیں رقومات جمع کرنے اور بینکوں سے قرض حاصل کرنے والوں کے اعداد و شمار اور ان کی جانب سے حاصل کی جانے والی اور جمع کی جانے والی رقومات کے بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جنوبی ہند کی ریاستوں میں بینکوں کے ذریعہ شخصی قرض حاصل کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہے اور وہ بینکوں کی تجارت کو بھی فروغ دینے کے موجب ہیں۔ جنوبی ہند کی ریاستوںمیں حاصل کئے گئے شخصی قرضہ جات کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آئے گی کہ مالی سال 2017کے دوران 5.7لاکھ کروڑ کا شخصی قرض بینکوں کے ذریعہ کرناٹک کے رہنے والوں نے حاصل کیا ہے جبکہ شمالی ریاستوں میں بینکوں نے جملہ 2.5 لاکھ کروڑ روپئے جاری کئے ہیں اسی طرح مغربی ریاستوں میں جاری کئے جانے والے قرض کی رقم بھی 3.9کروڑ تک محدود ہے ۔ جنوبی ہند کی ریاستوں میں ریاست کرناٹک شخصی قرض حاصل کرنے والوں میں سب سے آگے ہے کیونکہ ریاست کرناٹک میں 1.6لاکھ کروڑ روپئے قرض بینکوں کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اسی طرح تمل ناڈو میں 1.5لاکھ کروڑ کے شخصی قرض جاری کئے گئے ہیں ۔ کیرالہ میں 91 ہزار کے قرض بینکوں نے جاری کئے ہیں تلنگانہ میں 90ہزار 200 کروڑ کے قرض جاری کئے جا چکے ہیں اور آندھرا پردیش میں 72 ہزار 100کروڑ روپئے شخصی قرض جاری کیا گیا ہے۔بینکوں میں رقومات کے جمع کرنے کے معاملہ میں بھی جنوبی ہند کی ریاستیں ملک کی دیگر ریاستوں سے کافی آگے ہیں ۔مالی سال 2017کے دوران جنوبی ہند کی ریاستوں میں 25لاکھ 35ہزار 600 کروڑ کی رقومات بینکو ںمیں جمع کی گئی جبکہ شمالی ہند کی ریاستوں میں 22 لاکھ 78ہزار 200 کروڑ روپئے بینکو ںمیں جمع کئے گئے ۔اسی طرح مغربی ریاستوں میں 28لاکھ 69ہزار 100 کروڑ روپئے بینکوں میں جمع کئے گئے ہیں۔اس اعتبار سے مغربی ریاستوں کی جانب سے سب سے زیادہ رقومات سال 2017 کے دوران جمع کی گئی ہیں۔ریاستوں کے اعتبار سے بینکوں میں جمع کی جانے والی رقومات کا جائزہ لیا جائے تو پتہ چلے گا کہ کرناٹک میں سب سے زیادہ رقومات بینکوں میں جمع کی گئی ہیں جہاں 7لاکھ 83ہزار 300 کروڑ روپئے جمع کئے گئے جبکہ تمل ناڈو میں 6لاکھ 68ہزار 500 کروڑ روپئے بینک میں جمع کئے گئے ۔اسی طرح کیرالہ میں 4لاکھ 11ہزار 400کروڑ روپئے جمع کئے گئے اورریاست تلنگانہ کے بینکوں میں 4لاکھ 7ہزار 700کروڑ روپئے مالی سال 2017کے دوران جمع کئے گئے ۔ریاست آندھرا پردیش میں 2لاکھ 49ہزار 200کروڑ روپئے بینکوں میں جمع کئے گئے ہیں اور یہ اعداد و شمار ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے جاری کئے گئے ہیں۔