کسی جنگل میں ایک شیر رہتا تھا ۔ اتفاق سے وہ بیمار ہوگیا ۔ شیر جنگل کا راجا ہوتا ہے ۔ اس لئے سب جانور اسے دیکھنے کیلئے گئے ۔ جو جانور جاتا یہی کہتا مجھے آپ کی بیماری کا سن کر بہت افسوس ہوا ۔ کہئے مزاج کیسا ہے ؟ سب سے آخر میں لومڑی پوچھنے گئی مگر وہ تھی چالاک ۔غار کے باہر ہی کھڑے کھڑے بولی کہئے کیا حال ہے کئی دن سے باہر تشریف نہیں لائے ؟ سنا ہے کچھ بیمار ہوگئے ہیں آپ ؟ کوئی خدمت ہو تو فرمایئے ؟ شیر نے کہا ’’ تم اندر کیوں نہیں آتیں ؟ اور سب جانور تو میری غارمیں آکر حال پوچھتے ہیں مگر تم باہر ہی کھڑی ہو ۔ اس کی کیا وجہ ہے ؟ لومڑی مسکرا کر بولی ’’ میں دیکھ رہی ہوں کہ جو جانور غار کے اندر گئے وہ پھر واپس نہیں آئے کیوں کہ ان کے پاؤں کے نشان زمین پر نہیں ہیں ۔ کیونکہ ان جانوروں کی طرح غار میں آکر موت کے منہہ میں جانا نہیں چاہتی ‘‘۔ شیر آہستہ سے بولا ’’ مگر میں تو بیمار ہوں ‘‘۔ لومڑی نے کہا ’’ آپ بیمار ضرور ہیں مگر اتنے بیمار نہیں کہ جو جانور آپ کے غار میں خود چلا جائے اسے مار کر نہ کھاسکیں ‘‘۔