دبئی ۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے تمام صوبوں کی انتظامیہ کو حکم جاری کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے گوداموں کے حفاظتی اقدامات کو سخت بنایا جائے ۔ العبادی نے کہا کہ بغداد کے ضلع الرصافہ میں الیکشن کمیشن کے گوداموں اور بیلٹ بکسوں میں آگ لگنے کے حادثے کی وجوہات جاننے تحقیقات جاری ہیں۔ یہ مشتبہ آگ اسی روز لگی ہے جس روز چند برس پہلے داعش تنظیم نے موصل شہر پر دھاوا بولا تھا۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ کارروائی عراق اور اس کی جمہوری روش کو نشانہ بنانے کا منصوبہ ہے۔ ہم ملک اور عوام کے امن و استحکام کو متزلزل کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھ کے ساتھ نمٹیں گے”۔عراقی وزیراعظم نے زور دیا کہ سکیورٹی فورسز کی ذمّے داری الیکشن کمیشن کے گوداموں کی بیرونی سکیورٹی ہے اور عمارتوں کے اندر گوداموں سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ اس کا مقصد مسلح افواج کی خود مختاری کو برقرار رکھنا اور انتخابی عمل میں فوج کی عدم مداخلت ہے۔العبادی نے مطالبہ کیا کہ امن و امان اور انتخابات کے عمل کو سبوتاڑ کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گرد عناصر کا تعاقب کیا جائے۔