بیف کے مسئلہ پر تلنگانہ بی جے پی میں تنازعہ

کشن ریڈی سے معذرت خواہی کے لئے راجہ سنگھ کا مطالبہ
حیدرآباد۔ یکم دسمبر (سیاست نیوز) بیف کے مسئلہ پر تلنگانہ بی جے پی میں جھگڑا شروع ہو گیا ہے۔ بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے عثمانیہ یونیورسٹی بیف فسٹیول کے انعقاد کے خلاف سنگین نتائج کا انتباہ دیا۔ چند دن قبل بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی وائی سرینواس ریڈی، کشن ریڈی کے خلاف ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی سے مستعفی ہو گئے، ایک سینئر قائد ڈاکٹر این جناردھن ریڈی بی جے پی سے دوری اختیار کئے ہوئے ہیں اور اب حلقہ گوشہ محل کے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے کشن ریڈی کے خلاف علم بغاوت بلند کردیا ہے۔ واضح رہے کہ جب ملک بھر میں بیف مسئلہ پر تنازعہ چل رہا تھا تو اس وقت جی کشن ریڈی نے بیف کھانے پر انھیں اور ان کی پارٹی کو کوئی اعتراض نہ ہونے کا اعلان کیا تھا اور راجہ سنگھ کی مرضی کے خلاف انھوں نے سابق ریاستی وزیر مکیش گوڑ کے بھائی سابق کارپوریٹر مدھو گوڑ کو پارٹی میں شامل کیا تھا۔ اب جب کہ عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ بیف فسٹیول کا اہتمام کر رہے ہیں تو راجہ سنگھ نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی صدر کے خلاف سخت ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ کشن ریڈی پارٹی اصولوں کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کشن ریڈی کے ریمارک سے ہندوؤں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، لہذا وہ ہندوؤں سے معذرت خواہی کریں۔ انھوں نے کہا کہ وہ کشن ریڈی کے خلاف وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کو مکتوب روانہ کرچکے ہیں اور انھیں عہدہ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے، کیونکہ پارٹی کے لئے ان کی سرگرمی ختم ہوچکی ہے اور وہ ریئل اسٹیٹ کاروبار میں مصروف ہو گئے ہیں۔