بیف پارٹی کیلئے اکسانے والے امن کو تباہ کر رہے ہیں

گاؤ ذبیحہ مجرمانہ عمل ‘ عوام کے جذبات سے مربوط مسئلہ ‘ مرکزی وزیر مختار نقوی کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم جون ( سیاست نیوز ) مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ کچھ لوگ دوسروں کو بیف پارٹی منعقد کرنے اور گاؤ ذبیحہ کیلئے اکسا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مجرمانہ حرکت ہے اور یہ در اصل ملک کا پرامن ماحول متاثر کرنے کی سازش ہے ۔ منسٹر آف اسٹیٹ اقلیتی امور نے یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی کئی ریاستوں میں گاؤ ذبیحہ پر پابندی عائد کردی گئی ہے تاہم کچھ ریاستوں میں ابھی امتناع عائد نہیں کیا گیا ہے ۔ یہ ایک جذباتی مسئلہ ہے اور اس کا تعلق عوام کے عقیدہ سے ہے ۔ کیرالا میں ایک بچھڑے کے ذبیحہ اور آئی آئی ٹی مدراس میں بیف فیسٹول کے انعقاد سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ کچھ لوگ دوسروں کو اکسا رہے ہیں کہ وہ بیف پارٹی منعقد کریں اور گائے کا ذبیحہ کریں۔ یقینی طور پر یہ ایک مجرمانہ حرکت ہے اور یہ ملک کے امن اور ہم آہنگی کو متاثر کرنے کی سازش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس طرح کی ناپاک سرگرمی کی اجازت نہیں دینگے چاہے یہ کسی بھی پارٹی کی جانب سے ہو یا فرد کی جانب سے ہو ۔ مویشیوں کی تجارت کو باقاعدہ بنانے مرکزی حکومت کے حکمنامہ کے تعلق سے نقوی نے کہا کہ اس مسئلہ کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ہے اور اسے اصلاحات کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے تاکہ مویشیوں کی مارکٹ کو منظم کیا جاسکے اور مسالخ کو باقاعدہ بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اصلاحات کا حصہ ہے اور ہر کسی کو اس کا حصہ بننے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ملک کی صحت سے متعلق ہے ‘ ماحولیات سے متعلق مسئلہ ہے اور یہ عوام کے جذبات سے جڑا ہوا مسئلہ ہے ۔ پسماندہ مسلمانوں کو ملازمتوں اور تعلیم میں تحفظات میں اضافہ کرتے ہوئے 12 فیصد کرنے حکومت تلنگانہ کے بل کے تعلق سے نقوی نے ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ صرف ووٹ حاصل کرنے کے مقصد سے ایسا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قانونی دائرہ میں آنے کے بعد یہ تحفظات برقرار نہیں رہ پائیں گے ۔ یہ بات حکومت بھی جانتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ مذہب کی بنیاد پر تحفظات دستوری طور پر ممکن نہیں ہے ایسے میں ٹی آر ایس حکومت کیوں عوام کو گمراہ کر رہی ہے ۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ اقلیتوںکو با اختیار بنانے کیلئے کام کرے ۔ مختار عباس نقوی نے ادعا کیا کہ تلنگانہ میں بی جے پی ‘ ٹی آر ایس کا ایک ایک طاقتور اور موثر متبادل بن کر ابھرے گی اور آئندہ اسمبلی انتخابات کے بعد اپنے بل پر حکومت قائم کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ‘ ریاست تلنگانہ کی ترقی کیلئے کام کر رہی ہے اور اسے یقین ہے کہ وہ آئندہ حکومت قائم کریگی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت عوام کی توقعات کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوں نے مرکز کی نریندر مودی حکومت کی ستائش کی اور کہا کہ اس کی تین سال کی حکمرانی جذبہ ‘ یقین اور کردار سے بھرپور ہے اور ان تین سال میں وزارت عظمی عہدہ کا وقار اور ملک کے احترام میں اضافہ ہوا ہے ۔