بیف منتقل کرنے پر گاؤرکھشا دلم کا انتقام

2مسلمانوں کو زبردستی گوبر کھلایا گیا
نئی دہلی۔/28جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) ہریانہ میں نام نہاد گاؤ رکھشادلم کے والینٹروں نے 2مسلمانوں رضوان اور مختار کو گائے کے گوبر اور پیشاب کا مرکب کھانے کیلئے مجبور کردیا۔ یہ واقعہ فرید آباد ۔ دہلی سرحد پر 10جون کو پیش آیا جبکہ 57سیکنڈ کی ویڈیو فلم میں یہ دیکھا جاسکتا ہے کہ گاؤ رکھشک ( والینٹرس ) رضوان اور مختار کو گائے کا گوبر، پیشاب ، دودھ، دہی اور گھی کا مرکب پنچ گاؤبہ ، زبردستی کھلارہے ہیں۔ قومی شاہراہ پر والینٹرس نے 2مسلمانوں کو چہروں پر گھونسے رسید کئے اور پھر گوبر لیپ دیا بعد ازاں گاؤ ماتاکی جئے اور جئے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے انہیں مرکب کھانے پر مجبور کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دھرمیندر یادو جو کہ گڑگاؤں کاؤ رکھشا دل کے صدر ہیں مذکورہ واقعہ کی تفصیلات بتائی اور یہ اعتراف بھی کیاکہ ان کے والینٹرس نے میوات سے دہلی جانے والی ایک گاڑی کو پکڑ لیا جس میں 700کلو بیف منتقل کیا جارہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ 7کلو میٹر تک گاڑی کا تعاقب کرکے بھدرا پور کے قریب روک لیا گیا جس کی تلاشی لینے پر 700 کلو گوشت برآمد ہوا۔ اور ہم نے انہیں ( مسلمانوں ) سبق سکھانے کیلئے پنچ گوبہ کھلایا ۔ بعد ازاں گاؤ کشی کے الزام میں انہیں فریدآباد پولیس کے حوالے کردیا گیا۔