بیف فیسٹیول کے خلاف راجہ سنگھ کی زہرافشانی پر ایم بی ٹی کا احتجاج

حیدرآباد ۔ یکم ؍ ڈسمبر (پریس نوٹ) 10 ڈسمبر کو عثمانیہ یونیورسٹی کے طلباء کی جانب سے منعقد کئے جانے والے بیف فیسٹیول کی پارٹی کے خلاف سوشیل میڈیا کے ذریعہ بی جے پی کے رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کی آئے دن زہرافشانی سے ریاست تلنگانہ کی پرامن فضاء مکدر ہوجانے کے قوی امکانات ہیں۔ قائد مجلس بچاؤ تحریک امجداللہ خاں خالد سابق کارپوریٹر نے راجہ سنگھ کے اس نازیبا اور غیرجمہوری عمل کے خلاف چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے سی آر کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ہر اختیار اور ذمہ دار عہدے کا استعمال کرتے ہوئے راجہ سنگھ کے خلاف سخت ترین اقدامات کریں۔ اپنے مکتوب میں انہوں نے کہا کہ بیف فیسٹیول پر روک نہ لگانے پر پولیس کو انتباہ دیا جارہا ہے اور محکمہ پولیس خاموش تماشائی بنا ہوا ہے جو معنی خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ بلدی انتخابات کے پیش نظر راجہ سنگھ نے زہریلی اور زعفرانی تقاریر کے ذریعہ شہر میں کھلبلی مچا رکھی ہے جس کے سبب بالخصوص عثمانیہ یونیورسٹی کے طلباء میں غصہ کی لہر پائی جاتی ہے۔