واشنگٹن۔14 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دولت اسلامی کے خلاف عالمی اتحاد تشکیل دینے کی غرض سے 20 ملکوں کی مسلح افواج کے سربراہان کا بین الاقوامی اجلاس امریکہ میں منعقد ہو رہا ہے۔ یہ غیر معمولی اجلاس واشنگٹن کے قریب اینڈریو ائر بیس پر ہو گا۔اجلاس کے بارے میں بات کرتے ہوئے پنٹگان کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس میں آسٹریلیا سمیت ان تمام ملکوں کے فوجی سربراہاں شریک ہوں گے جو داعش کے خلاف عالمی اتحاد میں شریک ہیں۔ داعشی اہداف پر حملوں کے نگران امریکی سنٹرل کمان کے سربراہ جنرل لائیڈ آسٹن اجلاس میں رپورٹ پیش کریں گے۔ یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے کہ جب امریکی صدر براک اوباما سمیت متعدد امریکی عہدیدار اپنے بیانات میں اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں کہ داعش کے خلاف جنگ میں بہت زیادہ وقت صرف ہو سکتا ہے۔ ’’اس انتہاء پسند تنظیم کی بیخ کنی کا مشکل عمل راتوں رات مکمل نہیں ہوسکتا‘‘۔ادھر امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اتوار کوایک بیان میں کہا تھا کہ ان کا ملک شام میں داعش کے زیر نگین کرد اکثریتی علاقے کوبانی کی بحرانی صورتحال پر انتہائی پریشان ہے۔