روس ، برطانیہ ، امریکہ ، آسٹریلیا وغیرہ سے ڈاکٹر بننے والے نوجوانوں کو عنقریب خوشخبری
حیدرآباد۔5مارچ(سیاست نیوز) میڈیکل شعبہ میں پوسٹ گریجویٹ کی ڈگری روس کے کالجس سے حاصل کرنے والے ڈاکٹرس کو بہت جلد ہندستان میں قابل قبول تصور کیاجائے گا اور کہا جا رہا ہے کہ ہندستان میں ماہرین اور اسپیشلسٹ ڈاکٹرس کی تعداد میں اضافہ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت حکومت کی جانب سے اس بات پر غور کیا جا رہاہے کہ امریکہ ‘ یو کے (برطانیہ) ‘ آسٹریلیاء‘ نیوزی لینڈ اور کینیڈا کے طرز پر روسی جامعات سے حاصل کی جانے والی پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈگریوں کو قبول کیا جائے ۔ وزارت صحت کے عہدیداروں کے مطابق عہدیداروں نے کافی غور و خوض کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ میڈیکل کونسل آف انڈیا کے ساتھ مشاورت کے ذریعہ روسی جامعات سے حاصل کی جانے والی پی جی تعلیم کی ڈگری کو قابل قبول تصور کرنے کے لئے اصلاحات لائے جائیں ۔ ایم بی بی ایس مکمل کرنے والے ڈاکٹرس کو ہندستان کے علاوہ دنیا کے کئی ممالک میں پی جی تعلیم کیلئے مواقع دستیاب ہیں اور وہ کسی بھی ملک سے اعلی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ہندستان میں حکومت کی جانب سے قومی سطح پر منعقد کئے جانے والے اہلیتی امتحان میں شرکت کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کے بعد پریکٹس کے اہل قرار پاتے ہیں اس کے علاوہ ہندستان کے باہر کئی ممالک میں ایم بی بی ایس کی تعلیم کے مواقع بھی فراہم کئے جا رہے ہیں جو ہندستانی طلبہ ایم بی بی ایس کی تعلیم کسی بیرونی ملک میں حاصل کرتے ہیں وہ بھی ملک واپسی کے بعد حکومت ہند کی جانب سے رکھے جانے والے امتحان میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہندستان میں پریکٹس کے اہل قرار دیئے جاتے ہیںلیکن محکمہ صحت کے مطابق ان امتحانات میں بیرون ملک ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کرنے والے 10تا15فیصد ڈاکٹرس ہی کامیاب ہوتے ہیں لیکن پوسٹ گریجویٹ میں ہندستان نے 5ممالک کی جامعات سے ڈگری حاصل کرنے والوں کو ان امتحانات سے مستثنی رکھا ہے اور اب روسی جامعات سے اعلی تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹرس کو بھی یہ استثنی حاصل ہونے کا امکان ہے اورکہا جار ہاہے کہ وزارت صحت کی جانب سے اصلاحات کے بعد یہ بات ممکن ہوجائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت ہند نے ملک میں ڈاکٹرس کی تعداد بالخصوص ماہرین اور اسپیشلسٹ کی تعداد میں اضافہ کے لئے میڈیکل ایجوکیشن ریگولیٹرسے مشاورت کا عمل مکمل ہونے کے بعد میڈیکل کونسل آف انڈیا کی جانب سے اصلاحات کی سفارش کی جائے گی اور ان اصلاحات کو وزارت صحت اور حکومت کی جانب سے قبول کرلیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں روسی جامعات سے فارغ ہونے والے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرس کوبھی ہندستان میں بغیر کسی امتحان کے پریکٹس کی اجازت حاصل ہو جائے گی۔ میڈیکل کونسل آف انڈیا کے عہدیداروں کے مطابق ہندستان میں دیگر ممالک کے تعلیمی نصاب اور معیار تعلیم کو دیکھتے ہوئے انہیں امتحان میں شرکت کا پابند بنایا گیا ہے ۔