بیرون ممالک حصول اعلیٰ تعلیم کے لیے اوور سیز اسکالر شپس

درخواستوں کی وصولی کا آغاز ، اگست تا دسمبر 2018 داخلہ پانے والے امیدوار اہل
حیدرآباد۔27جنوری (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اوور سیز اسکالر شپس کے لئے سال 2018کے دوسرے مرحلہ میں اگسٹ 2018تاڈسمبر2018 کے دوران بیرون ملک جامعات میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کیلئے درخواستوں کے ادخال کا عمل شروع کردیا ہے۔محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے فراہم کی جانے والی اوورسیز اسکالر شپس کے حصول کے خواہشمند طلبہ جنہو ںنے اگسٹ تاڈسمبر 2018 کے دوران بیرون ملک یونیورسٹیز میں داخلہ حاصل کیا ہے وہ 27جنوری 2019 تا 20 فروری 2019کے دوران آن لائن اپنی درخواستیں داخل کرسکتے ہیں اور ان درخواستوں کے ادخال کے لئے درکار تمام دستاویزات بھی طلبہ کو داخل کرنے ہوں گے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی 20لاکھ کی اوورسیز اسکالر شپس کے حصول کے لئے درخواست داخل کرنے کے خواہشمند طلبہ حکومت کی جانب سے اسکیمات سے استفادہ کیلئے تیار کی گئی ویب سائٹ www.telangana.epass.cgg.gov.in پر داخل کرسکتے ہیں اوورسیز اسکیم سے استفادہ کیلئے درکار شرائط و دستاویزات کی تمام تر تفصیلات اس ویب سائٹ پر موجود سرکاری احکام میں شامل ہیں۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے بیرون ملک اعلی تعلیم کے حصول کیلئے روانہ ہونے والے طلبہ کو فراہم کی جانے والی اس اسکیم سے بیرون ملک ماسٹرس کرنے کے لئے داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ اور ڈاکٹریٹ کرنے والے طلبہ استفادہ کرسکتے ہیں۔جناب شاہنواز قاسم ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی بہبود کی شرحد ستخط سے 25جنوری کو جاری کئے گئے اس اعلامیہ میں طلبہ سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ 20 فروری سے قبل اپنی درخواستیں داخل کردیں تاکہ ان کے عاجلانہ انتخاب کو یقینی بنایا جاسکے ۔ جناب شاہنواز قاسم نے ریاست تلنگانہ کے طلبہ سے خواہش کی ہے کہ وہ اپنے تمام دستاویزات کے ساتھ 20فروری 2019 کو شام 5بجے سے قبل آن لائن درخواستیں داخل کردیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام درکار دستاویزات کے ساتھ داخل کی جانے والی درخواستوں کو انتخابی کمیٹی کے سامنے پیش کرتے ہوئے میرٹ کی بنیاد پر اسکالر شپس کے لئے طلبہ کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا اور سال 2018 کے دوسرے مرحلہ میں داخلہ حاصل کرنے والے 250طلبہ کو منتخب کرتے ہوئے انہیں اسکالر شپس منظور کی جائیں گی سال 2019 کی شروعات کے ساتھ ہی داخلہ حاصل کرنے والوں کے لئے جلد ہی اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔