بیرون ملک روانگی سے انکار پر طالبہ کی خود کشی

کوئمبتور ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بیرون ملک حصول تعلیم کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہونے پر ایک 21 سالہ طالب علم نے مایوسی کے عالم میں زہر کھا کر خود کشی کرلی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ہری پریہ نے ایک خانگی کالج سے بی ٹیک کی تکمیل کے بعد ایک پرائیوٹ فرم میں ملازمت کررہی تھی اور وہ بیرون ملک ایم ٹیک کی تعلیم حاصل کرنا چاہتی تھی ۔ تاہم لڑکی کے والد راجندرن نے اسے بیرون ملک روانہ کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ وہ ان کی اکلوتی لڑکی ہے جس کے بغیر وہ نہیں رہ سکتے ۔ ہری پریہ اپنے والد کی باتوں سے مایوس ہو کر اپنے مکان واقع مکلی پالیم میں زہر کھا کر بے ہوش ہوگئی ۔ یہ منظر دیکھ کر اس کی والدہ نے بھی زہر کھا لیا ۔ بعد ازاں راجندرن مکان پہنچ کر دیکھا کہ ماں اور بیٹی حالت بے ہوشی میں پڑے ہوئے ہیں ۔ جنہیں فی الفور ہاسپٹل سے رجوع کردیا گیا ۔ ہاسپٹل میں ہری پریہ چل بسی جب کہ والدہ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔۔