بیرون ملک تعلیم کے لیے آج درخواستوں کی جانچ پر سلیکشن کمیٹی کا اجلاس

7 اگست کو منظوری کے احکامات ، پانچ ممالک کے لیے دس لاکھ روپیوں کی منظوری
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست (سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کیلئے بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کیلئے حکومت کی امداد سے متعلق اسکیم کیلئے ریاست بھر میں 513 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ حکومت نے درخواستوں کی جانچ اور منظوری کیلئے جو سلیکشن کمیٹی تشکیل دی ہے ، اس کا اجلاس کل 4 اگست کو منعقد ہوگا جس میں درخواستوں کی جانچ کے بعد میرٹ لسٹ جاری کردی جائے گی۔ اہل اور منتخب امیدواروں کو 7ا گست تک منظوری سے متعلق احکامات حوالے کردیئے جائیں گے۔ سلیکشن کمیٹی کے صدرنشین سکریٹری اقلیتی بہبود ہیں جبکہ پرنسپل سکریٹری ایس سی ڈی ڈپارٹمنٹ، وائس چانسلر جے این ٹی یو اور کمشنر ٹکنیکل ایجوکیشن ارکان ہیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ممبر کنوینر ہیں۔ اس اسکیم کے تحت 5 ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے حکومت 10 لاکھ روپئے امداد فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ امیدوار کیلئے روانگی کا فضائی کرایہ دیا جائے گا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے آج تمام ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے ضلع واری سطح پر داخل کی گئی درخواستوں کا جائزہ لیا۔