طلبہ و اولیائے طلبہ کی فکرمندی پر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی محکمہ اقلیتی بہبود کو ہدایت
حیدرآباد۔/31اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے محکمہ اقلیتی بہبود کو ہدایت دی کہ اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے تحت منتخب اقلیتی طلباء کو پہلی قسط 10نومبر تک جاری کردی جائے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل سے بات چیت کی اور کہا کہ حکومت نے اسکیم کیلئے 12 کروڑ 50لاکھ روپئے جاری کردیئے ہیں لہذا منتخب امیدواروں کو رقم کی اجرائی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیئے۔ امیدواروں کے انتخاب کو تین ہفتے سے زائد کا عرصہ گذرنے کے باوجود ابھی تک انہیں پہلی قسط جاری نہیں کی گئی جس کے باعث طلباء اور ان کے سرپرست فکر مند ہیں اور انہوں نے اس سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر سے نمائندگی کی تھی۔ محمد محمود علی نے عہدیداروں سے کہا کہ جن منتخب طلباء نے درکار تفصیلات داخل کردی ہیں انہیں اسکالر شپ کی پہلی قسط جاری کردی جائے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ تلنگانہ میں پہلی مرتبہ اقلیتی طلباء کیلئے یہ منفرد اسکیم شروع کی گئی ہے جس کے تحت ہر سال 200 تا 250طلباء بیرونی ممالک کی یونیورسٹیز میں سرکاری خرچ پر اعلیٰ تعلیم حاصل کرپائیں گے۔ اس طرح غریب مسلم خاندانوں کے طلباء کو بیرون ملک تعلیم کا موقع حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دو اقساط میں جملہ 10لاکھ روپئے ادا کرے گی۔ پہلی قسط داخلہ کے بعد جبکہ دوسری قسط پہلے سمسٹر کی تکمیل کے بعد جاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز اسکالر شپ کو اقلیتی طلباء کیلئے شروع کئے جانے کا اقلیتوں کی جانب سے زبردست خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کے علاوہ فیس بازادائیگی اور اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے ذریعہ اقلیتوں کی تعلیمی پسماندگی دور کرنے کا تہیہ کئے ہوئے ہے۔ اسی دوران کئی اقلیتی طلباء اور ان کے سرپرستوں نے آج ڈپٹی چیف منسٹر سے ملاقات کی اور اوورسیز اسکالر شپ کے بجٹ کی اجرائی اور پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کیلئے درخواست داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع پر اظہار تشکرکیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ایم جے اکبر کو ہدایت دی کہ وہ بہت جلد تمام ڈسٹرکٹ میناریٹیز ویلفیر آفیسرس کا اجلاس طلب کرتے ہوئے 10نومبر سے قبل اوورسیز اسکالر شپ کی پہلی قسط کی اجرائی کو یقینی بنائیں۔