بیرونی یونیورسٹیز میں تعلیم آج اسکریننگ کمیٹی اجلاس میں امیدواروں کا انتخاب

حیدرآباد۔/4اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی اقلیتی طلبہ کیلئے بیرونی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کیلئے امداد سے متعلق اسکیم کے اہل امیدواروں کے انتخاب کیلئے کل 5اگسٹ کو اسکریننگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔ اگرچہ یہ اجلاس مقررہ پروگرام کے مطابق آج رکھاگیا تھا لیکن امیدواروں کی جانب سے داخل کردہ دستاویزات کی جانچ میں تاخیر کے سبب اجلاس چہارشنبہ کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ حیدرآباد اور رنگاریڈی کے امیدواروں کی درخواستوں اور دستاویزات کی جانچ کیلئے حج ہاوز میں خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے جہاں طلبہ کی طویل قطار دیکھی گئی۔ اسٹاف کی کمی کے سبب ایک، ایک طالب علم کے اسنادات کی جانچ کیلئے کافی وقت صرف ہورہا تھا جس کے باعث عہدیداروں نے سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کو ایک دن کیلئے ملتوی کردیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے حج ہاوز پہنچ کر درخواستوں کی جانچ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو کاؤنٹرس کی تعداد میں اضافہ کی ہدایت دی۔ اس اسکیم کے تحت ریاست بھر سے جملہ 513درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کی جانب سے درخواست اور اسنادات کی جانچ کے بعد مستحق امیدواروں کی فہرست سلیکشن کمیٹی کے حوالے کی جائے گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود اس کمیٹی کے صدرنشین ہیں جبکہ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کنوینر ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے محل نہ ہوگا کہ حکومت نے بجٹ میں اس اسکیم کیلئے 25کروڑ روپئے مختص کئے ہیں جس سے 250طلبہ استفادہ کرپائیں گے لیکن محکمہ فینانس کی جانب سے ابھی تک بجٹ جاری نہیں کیا گیا۔ سلیکشن کمیٹی 7اگسٹ تک منتخب امیدواروں کو منظوری سے متعلق مکتوب حوالے کردے گی۔ اگر بجٹ کی اجرائی میں تاخیر ہوتی ہے تو طلبہ کو روانگی میں رکاوٹ کا اندیشہ ہے۔