بیرونی ممالک کی مساجد میں مودی کی حاضری

ایودھیا میں رام لالہ کے درشن کیلئے وزیراعظم کے پاس وقت نہیں : توگاڑیہ
لکھنؤ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) وی ایچ پی کے سابق لیڈر پروین توگاڑیہ نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے تاحال کچھ نہ کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی پر آج سخت تنقید کی اور کہا کہ ان کے پاس حتی کہ رام لالہ کے درشن کیلئے بھی وقت نہیں ہے۔ سخت گیر ہندوتوا لیڈر توگاڑیہ جنہوں نے وی ایچ پی سے علیحدگی کے بعد اپنی نئی تنظیم ’’انتر راشٹریہ ہندو پریشد (اے ایچ پی) قائم کی ہے، کہا کہ ’’وزیراعظم کے پاس بیرونی ممالک میں مساجد دیکھنے کیلئے وقت رہتا ہے لیکن ایودھیا آنے اور رام لالہ کے درشن کرنے کیلئے ان کے پاس وقت نہیں ہے‘‘۔ توگاڑیہ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے مودی حکومت تاحال کچھ نہیں کی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایودھیا، متھرا اور کاشی میں مندروں کی تعمیر کیلئے قانون سازی نہ کرتے ہوئے انہوں نے کروڑوں ہندوؤں کو دھوکہ دیا ہے‘‘۔ توگاڑیہ نے اپنی نئی تنظیم کے قیام کے بعد پہلے دورۂ ایودھیا سے قبل کہا کہ حکومت چونکہ دیگر مسائل میں مصروف ہے چنانچہ وہ خود ایک مسودہ قانون مرتب کئے ہیں جو رام لالہ کے روبرو پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رام مندر کے مسئلہ پر ان کی تنظیم اکتوبر میں لکھنؤ تا ایودھیا مارچ منظم کرے گی اور 20 کروڑ ہندوؤں کی تائید حاصل کرنے ایک دستخطی مہم شروع کرے گی۔ پروین توگاڑیہ نے کہا کہ بی جے پی کے نعرہ ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘‘ پر انہیں کوئی بھروسہ نہیں ہے بلکہ ہندوؤں پر یقین رکھتے ہیں۔