نئی دہلی ۔26اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے اطلاع دی ہے کہ 7,800کروڑ روپئے سے زیادہ رقم بیرون ملک 2013-14ء کے دوران جمع کی گئی ۔ اعلیٰ سطحی مالی سراغ رسانی شعبہ نے پتہ چلایا ہے کہ ملک کے معاشی چینلس کے ذریعہ مشتبہ رقومات کی منتقلی عمل میں آئی ہے ۔ وزارت فینانس کی جانب سے تیار کردہ تازہ ترین رپورٹ کے بموجب مالیتی سراغ رسانی محکمہ غیر محسوب آمدنی کے سلسلہ میں کارروائی کیلئے محکمہ انکم ٹیکس ‘ کسٹمس اور سرویس ٹیکس محکموں کے ساتھ تعاون کررہا ہے ۔ یہ رپورٹ اخباری نمائندوں کو حاصل ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں کافی گرما گرمی پیدا ہونے کا اندیشہ ہے ۔
بنگلہ دیشی ہندوپناہ گزینوں کو تیقن
گوہاٹی ۔26اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کے ہندو پناہ گزینوں کو ہندوستانی شہریت دی جائے گی ‘ بشرطیکہ بی جے پی آئندہ سال کے اسمبلی انتخابات میں آسام میں برسراقتدار آجائے ۔ امیت شاہ نے آج کہا کہ بعض ہندو مذہبی گڑبڑکی وجہ سے بنگلہ دیش ترک وطن کر کے ہندوستان آتے ہیں ۔
بی جے پی ایسے تمام پناہ گزینوں کو آئندہ سال آسام میں برسراقتدار آنے کی صورت میں ہندوستانی شہریت عطا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ صرف آسام میں نہیں بلکہ بی جے پی تمام بنگلہ دیشی ہندو تارکین وطن کو پورے ملک میں ہندوستانی شہریت فراہم کرنے کیلئے جدوجہد کرے گی ۔ امیت شاہ آسام کے اولین دو روزہ دورہ پر ہیں‘ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات اسی موضوع پر لڑے جائیں گے ۔