ہندوستانی سفارت خانوں پر تقریبات کا انعقاد ‘ ترنگالہرایا گیا اور صدر جمہوریہ کے قوم سے خطاب کے اقتباسات پیش
بنکاک/ملبورن ۔26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) آج دنیا بھر میں ہندوستانی سفارت خانوں پر ترنگا فخر و مسرت کے ساتھ لہرا رہا تھا ۔ سینکڑوں ہندوستانی اپنے ملک کی 67ویں یوم جمہوریہ تقریب منانے کیلئے جمع ہوگئے تھے ۔ سازوں پر قومی ترانہ کی دھن گونج رہی تھی ‘ پورے مشرقی ایشیاء بینکاک ‘ سنگاپور ‘ ملائیشیا ‘ فلپائن ‘ برونی ‘ میانمار ‘ لاؤس ‘ کمبوڈیا ‘ ویٹنام اور انڈونیشیاء میں حب الوطنی کا جذبہ ہندوستانیوں پر غالب تھا جو تقریب میں شرکت کیلئے کثیر تعداد میں ہندوستانی سفارت خانوں پر جمع ہوئے تھے ۔
قومی ترانہ ’’ جن گن من ‘‘ کی دھوم سازوں پر گونج رہی تھی ۔ قومی پرچم ترنگا لہرایا گیا اور اُس پر پھولوں کی پتیوں نچھاور کی گئی ۔ تمام ہندوستانی سفارت خانوں اور قونصل خانوں پر تقریب منعقد کی گئی ۔ بینکاک میں 550ہندوستانی اور ہندوستان دوست افراد شدید سرد موسم کے باوجود ہندوستانی سفارت خانہ کے احاطہ میں یوم جمہوریہ تقریب میں شریک تھے ۔ سفیر بھگونت سنگھ بشنوئی نے ترنگا لہرایا ۔ بشنوئی نے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کے خطاب کے اقتباسات بھی پڑھ کر سنائے ۔بعدازاں اسکول کے بچوں نے حاضرین کے سامنے حب الوطنی کے گیت پیش کئے ۔ بشنوئی نے ان سب کو اظہار ستائش کے طور پر یادگاری تحفہ عطا کئے ۔ ہنوئی میں ہندوستانی سفیر برائے ویٹنام پریتی شرن نے قومی پرچم لہرایا اور قوم سے صدر جمہوریہ کے خطاب کے اقتباسات پڑھ کر سنائے ۔ تقریباً 200ہندوستانی اس تقریب میں شریک تھے ۔ حالانکہ موسم بہت سرد تھا اور بارش ہورہی تھی ۔کوالا لمپور میں ہندوستان کے سفیر برائے ملائیشیا نے ترنگا لہرایا ‘ حاضرین نے اجتماعی طور پر قومی ترانہ گایا ۔ انڈیا ہاؤس میں یہ تقریب منعقد کی گئی تھی ‘بعدازاں طلبہ نے حب الوطنی کے گیت پیش کئے ۔ تعطیل نہ ہونے کے باوجود 300 افراد تقریب میں شریک تھے ۔ آسٹریلیا میں یوم جمہوریہ تقریب یوم آسٹریلیا سے ہم آہنگ تھی جو ملک کا سرکاری قومی دن ہے ۔ پورے ملک میں یوم جمہوریہ تقریب منائی گئی ۔ ہندوستانی برادری کے کئی افراد نے پرچم کشائی اور دیگر تقاریب میں ملک گیر سطح پر شرکت کی ۔ دارالحکومت کینبرا میں ہندوستانی سفیر نودیپ سوری نے سفارت خانہ کی عمارت پر ترنگا لہرایا ۔ دارالحکومت اور مضافاتی علاقہ کے کئی ہندوستانیوں نے تقریب میں شرکت کی ۔ سفیر نے قومی ترانہ کے بعد 300 حاضری کے سامنے صدر جمہوریہ کا پیغام پڑھ کر سنایا اور ہندوستانی برادری کو بڑھتے ہوئے ہند۔ آسٹریلیا تعلقات اور خدمات کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہندوستان کے اقدامات اور ترقیاتی پروگراموں سے واقف کروایا ۔ انہوں نے انڈیا رن کے جذبہ کی طرف بھی ہندوستانی برادری کی توجہ مرکوز کروائی جو آسٹریلیا کی ایک نمایاں اور بڑی دوڑ ہے اور 53سالہ کاشت کار متوطن کنیاکماری نے اس دوڑ کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔
اسٹریلیا کے سابق وزیر نے 66روزہ دوڑ کا آغاز کیا ۔ ملبورن میں تقریبات قونصل خانہ کی عمارت میں منعقد کی گئیں ۔ ترنگا لہرانے کے بعد قونصل جنرل مانک جین نے خطاب کیا ۔ ہندوستانی نژاد کئی مقامی سیاستدانوں انتاز خان اور منوج کمار کے علاوہ تاجر برادری کے ہندوستانی نژاد افراد نے دونوں ممالک کے قومی ترانہ پیش کئے اور دونوں ممالک کے قومی پرچم لہرائیں ۔ یوم جمہوریہ تقریب پر وزیر آعظم آسٹریلیا میلکم ٹرنبل نے اپنے ٹوئیٹر پر اپنی نیک خواہشات اور مبارکباد ہندوستانی عوام کوپیش کیں ۔ نیو ساؤتھ ویلس میں اسی قسم کے جذبات دیکھے گئے ۔ وزیراعظم مائیک بریڈ نے کہا کہ ہندوستانی نژاد آسٹریلیائی شہری نیوساؤتھ ویلس کی سماجی ‘ ثقافتی ‘ فنی اور معاشی زندگی کیلئے بہت کچھ کام کرچکے ہیں ۔ آسٹریلیا کی متحرک کثیر ثقافتی سماج کی طرح ہندوستانی برادری بھی کئی آبا واجداد اور زبانوں کا گھر ہے ‘ مختلف ممالک سے آنے والے افراد نے ہندوستان کو اپنا وطن بنالیا ہے ۔ سنگاپور میں سفیر وجئے ٹھاکر سنگھ نے یوم جمہوریہ تقریب میں ہندوستانی برادری کی قیادت کی اور قوم پرچم لہرایا ۔ صدر جمہوریہ کا قوم سے خطاب پڑھ کر سنایا ۔ تقاریب میں 400 ہندوستانی شریک تھے ۔ مقامی ہندوستانی اسکولس کے طلبہ نے قومی ترانہ اور حب الوطنی کے گیت پیش کئے ۔