بیرونی ممالک میں یوم جمہوریہ تقاریب ، ہندوستانیوں کا جوش و خروش

سنگاپور، روس ، چین ، امریکہ اور متحدہ عرب امارات میں جشن جمہوریہ تقاریب کا سفارت خانوں پر انعقاد

ماسکو ؍ بیجنگ ؍ واشنگٹن ؍ سنگاپور 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی 70 ویں یوم جمہوریہ تقاریب حب الوطنی کے جذبات سے مغلوب ہوکر مختلف ممالک کے ہندوستانی سفارت خانوں پر منعقد کی گئیں۔ شرکت کرنے والوں میں اکثریت مقامی ہندوستانی نژاد شہریوں کی تھی۔ ہندوستانی سفارت خانہ برائے روس نے دارالحکومت ماسکو میں یوم جمہوریہ تقریب منائی جس میں 500 ہندوستانی نژاد شہریوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ماسکو میں مقیم ہندوستانی شہری بھی شامل ہوئے۔ تقریب کا آغاز قومی پرچم ترنگے کے لہرانے سے ہوا۔ سفیر ہندوستان برائے روس وینکٹیش ورما نے پرچم کشائی کی اور اِس کے بعد قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔ سفیر نے صدرجمہوریہ ہند رامناتھ کووند کا قوم کے نام پیغام اِس موقع پر پڑھ کر سنایا۔ بعدازاں سفارت خانہ کے زیرانتظام انڈیا اسکول ماسکو کے بچوں نے تہذیبی پروگرام پیش کیا۔ ہندوستان کے نئے سفیر برائے چین وکرم مصری نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہندوستانی برادری کی اکثریت کے ساتھ یوم جمہوریہ تقاریب ہندوستانی سفارت خانے میں منعقد کیں۔ اُنھوں نے ترنگا لہرایا اور صدرجمہوریہ کا قوم سے خطاب پڑھ کر سنایا۔ سینکڑوں ہندوستانی تارکین وطن نے متحدہ عرب امارات میں یوم جمہوریہ تقریب دوبئی کے قونصل جنرل آف انڈیا کے دفتر میں منعقد کیں، ترنگا لہرایا گیا۔ قونصل جنرل آف انڈیا دوبئی ویپل نے ترنگا لہرایا۔ مقامی ہندوستانی نژاد شہریوں نے حب الوطنی کے گیت گائے اور تصویرکشی کروائی۔ ہندوستانی پرچم کے ساتھ تصویر لینے کا زیادہ مطالبہ تھا۔ روزنامہ خلیج ٹائمس نے اطلاع دیتے ہوئے کہاکہ ترنگا لہرانے کی تقریب کے موقع پر قونصل جنرل نے عوام کا استقبال کیا اور صدرجمہوریہ کا قوم کے نام خطاب پڑھ کر سنایا۔ بچوں اور بالغوں نے روایتی ملبوسات میں اِس تقریب میں شرکت کی۔ امریکہ میں قونصل جنرل آف انڈیا ہوسٹن میں ہندوستانی نژاد امریکیوں کی کثیر تعداد جشن جمہوریہ تقریب میں شرکت کے لئے ہفتے کی علی الصبح جمع ہوگئی تھی۔ پورے جوش و خروش اور اظہار مسرت کے ساتھ تقریب منائی گئی۔ قونصل جنرل انوپم رے نے ترنگا لہرایا اور قومی ترانہ گایا۔ ہندوستانی سپاہیوں کو جنھوں نے سرحدات پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ناخوشگوار موسم کے باوجود سرحدی علاقوں میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ خراج تحسین اور عقدت کے مستحق قرار پائے۔ امریکی ایوان نمائندگان کے رکن پیٹر اولسن اور فورٹ بینڈنے بھی شرکت کی۔ سنگاپور میں بھی تقریب منائی گئی۔