نئی دہلی 29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کے زیرانتظام MMTC نے بیرونی ممالک پاکستان، مصر، چین اور افغانستان سے 10 ہزار ٹن پیاز درآمد کرنے کیلئے ٹنڈرس طلب کئے ہیں۔ تاکہ اندرون ملک پیاز کی قلت دور اور قیمتوں پر قابو پایا جاسکے۔ ایم ایم ٹی سی نے دوسری مرتبہ ٹنڈرس طلب کئے ہیں۔ قبل ازیں 45 روپئے کیلو کے حساب سے ایک ہزار ٹن پیاز درآمد کرنے کے لئے بولیاں طلب کی تھیں۔ توقع ہے کہ 10 سپٹمبر تک بیرونی ممالک سے پیاز ملک میں پہنچ جائے گی۔ حکومت نے یہ اقدام ملک بھر میں 80 روپئے کیلو پیاز کی فروخت کے پیش نظر اٹھایا ہے کیوں کہ قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ سے عام آدمی شدید متاثر ہورہا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے پیاز کی قیمتوں پر قابو پانے کیلئے مختلف اقدامات بشمول پیاز کی برآمدات پر پابندی اور ریاستی حکومت بالخصوص مہاراشٹرا سے کہا گیا ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکٹنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ جبکہ دہلی میں عام آدمی پارٹی حکومت نے رعایتی قیمت 30 روپئے کیلو پیاز کی فروخت کا انتظام کیا ہے۔