بیرونی ممالک اعلیٰ تعلیم کیلئے اسکیم ، 120 درخواستوں کا ادخال

یکم اگست آخری تاریخ ، بجٹ مختص لیکن اجرائی میں پہلو تہی
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی(سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کو 5 بیرونی ممالک کی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کیلئے امداد سے متعلق اسکیم سے استفادہ کیلئے ابھی تک ریاست بھر میں تقریباً 120 درخواستیں داخل کی گئیں اور درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ یکم اگست ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے اس اسکیم پر عمل آوری کیلئے 25 کروڑ روپئے بجٹ میں مختص کئے لیکن ابھی تک بجٹ جاری نہیں کیا گیا۔ چونکہ محکمہ اقلیتی بہبود 4 اگست کو مستحق طلبہ کا انتخاب مکمل کرلے گا اور 7 اگست تک منظوری سے متعلق احکامات جاری کردیئے جائیں گے۔ لہذا بجٹ کی عدم اجرائی کی صورت میں محکمہ کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ عہدیدار بجٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں مسلسل محکمہ فینانس سے ربط میں ہیں۔ عہدیداروں کا کہناہے کہ 25 کر وڑ روپئے کی فوری اجرائی کیلئے چیف منسٹر کی سطح پر مداخلت کی ضرورت ہے ۔ بجٹ کی اجرائی کی صورت میں منتخب اہل امیدوار فوری طور پر بیرونی ممالک روانہ ہوسکتے ہیں۔جاریہ سال اس اسکیم کے تحت 250 اقلیتی طلبہ بیرونی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کیلئے 10 لاکھ روپئے کی امداد حاصل کرسکتے ہیں۔ حکومت نے اس رقم کے علاوہ روانگی کا فضائی کرایہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے مطابق 18 جولائی سے اب تک داخل کی گئی درخواستوں کے امیدواروں کو چاہئے کہ وہ تمام اسنادات اور تفصیلات کی نقل متعلقہ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کے دفاتر میں جمع کردیں۔ صرف آن لائین درخواستوں کا ادخال کافی نہیں ہے بلکہ امیدواروں کو تمام تفصیلات اور اسنادات کی ہارڈ کاپی متعلقہ ڈی ایم ڈبلیو دفتر میں جمع کرنی چاہئے ۔ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ جلد از جلد تفصیلات جمع کرادیں اور 2 اگست کے بعد یہ تفصیلات قبول نہیں کی جائیں گی۔ تمام ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس اسنادات کا جائزہ لیں گے اور انہیں سلیکشن کمیٹی سے رجوع کریں گے۔ 3 اگست کو حیدرآباد میں تمام ڈی ایم ڈبلیوز انہیں حاصل ہونے والے اسنادات کی تفصیلات سلیکشن کمیٹی کے حوالہ کردیں گے۔ 4 اگست کو سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی زیر صدارت اسکریننگ کمیٹی درخواستوں کا جائزہ لے گی اور میرٹ لسٹ کا انتخاب کرتے ہوئے منتخب امیدواروں کی فہرست جاری کردی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس اسکیم کے سلسلہ میں رجوع ہونے والے بیشتر طلبہ تمام شرائط کی تکمیل سے قاصر ہیں اور کئی طلبہ ایسے ہیں جو اس اسکیم کی اہلیت اور ان ممالک کی تفصیلات سے واقف نہیں جن کیلئے اسکیم قابل قبول ہے۔ امریکہ ، برطانیہ ، آسٹریلیا ، کینیڈا اور سنگا پور کی یونیورسٹیز میں تعلیم کے حصول کے خواہشمند طلبہ ہی اس اسکیم سے استفادہ کے اہل ہوں گے ۔