ممبئی۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بامبے ہائیکورٹ نے ایک غیرملکی باشندہ کی جانب سے ہندوستانی شہری ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے پیان کارڈ حاصل کرکے دو بینک کھاتے کھولنے کیلئے اس کو استعمال کرنے کا سخت نوٹ لیتے ہوئے مرکزی حکومت کے 3 سینئر عہدیداروں کو سمن جاری کیا ہے۔ عدالت میں 8 جنوری کو حاضری دیتے ہوئے اس خصوص میں کارروائی پر جواب پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ڈیویژن بینچ نے حالیہ ایک حکم میں کہا کہ درخواست گذار (مدعی) نے مرکزی حکومت کے متعلقہ محکموں کی نااہلی اور بے عملی کو بے نقاب کردیا ہے جس میں یہ نشاندہی کی ہے کہ ایک بیرونی باشندہ نہ صرف پیان (PAN) کارڈ جاری کیا ہے بلکہ دو بینکوں ایچ ایس بی سی بینک اور ممبئی مرکنٹائل بینک میں کھاتے بھی کھلوالئے حتی کہ اس نے ہندوستان میں جائیدادیں بھی خرید لیں۔ سنجے پونیما نے ہائیکورٹ میں ایک عرضی داخل کرتے ہوئے یہ الزام عائد کیا کہ عیسٰی یوسف نے ان کے نام پر پیان کارڈ حاصل کرتے ہوئے بینک اکاؤنٹس کھولے ہیں جس پر عدالت نے تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے عہدیداروںکو ہدایت دی ہے۔