واشنگٹن ، 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے کہا ہے کہ جنگ زدہ شام اور عراق کے لئے دنیا بھر بشمول ہندوستان سے بیرونی جنگجوؤں کا عدیم النظر بہاؤ دیکھنے میں آرہا ہے جب کہ یہ ’خطرناک لعنت ‘ عالمی امن اور استحکام کیلئے خطرہ پیش کرتی ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کل کہا کہ اوباما نظم و نسق زائد از 70 ممالک کیلئے سازگار ماحول تیار کررہا ہے کہ وہ اس لعنت سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوشش کرے ، جس کے بغیر عالمی امن و استحکام قائم نہیں رہ سکے گا ۔ بین الاقوامی سطح پر شام اور عراق کیلئے بیرونی دہشت گردوں کا لگاتار بہاؤ دیکھا جارہا ہے جس میں زائد از 20,000 جنگجو جن کا تعلق 100 سے زائد اقوام سے ہے ، شام کا سفر کررہے ہیں جہاں چند برسوں سے لڑائی جاری ہے ۔ ان بیرونی جنگجوؤں میں کم از کم 3400 کا تعلق مغرب سے ہے ۔ ہندوستان سے بھی بیرونی جنگجو آئی ایس آئی ایس (داعش ) میں شامل ہونے کیلئے عراق اور شام پہونچ چکے ہیں۔