بیروزگار نوجوان لڑکے و لڑکیوں کیلئے ٹریننگ و روزگار کا بہترین موقع

حیدرآباد ۔ 23 جنوری (راست) شہر حیدرآباد میں دسویں جماعت کامیاب ایسے کئی لڑکے و لڑکیاں ہیں جو معاشی مجبوری کی وجہ سے نہ ہی اپنا تعلیمی سفر جاری رکھ سکے اور نہ ہی کوئی ایسی ٹریننگ حاصل کرسکے جس کے حصول سے روزگار پانا ان کیلئے آسان ہوجاتا۔ ایسے تمام نوجوان لڑکے و لڑکیوں کیلئے IL&FS Skills School کی جانب سے ایک سنہرا موقع فراہم کیا جارہا ہے جس کا استعمال کرکے بیروزگار نوجوان نہ صرف ایک باوقار پیشہ خدمت سے منسلک ہوسکتے ہیں بلکہ اپنے خاندان کے ساتھ ساتھ ملک کی معاشی ترقی میں بھی نمایاں رول ادا کرسکتے ہیں۔ یہ ادارہ اسکل ٹیک، روٹری ٹرسٹ فار ہینڈی کیاپ کے اشتراک سے دسویں جماعت کامیاب ایسے تمام نوجوان لڑکے و لڑکیوں کی Patient Care Assistant کی تربیت فراہم کررہا ہے جن کی عمر 21-29 کے درمیان ہو۔ اس کورس کی میعاد دیڑھ ماہ ہوگی۔ اسپوکن انگلش اور کمپیوٹر کی ٹریننگ بھی اس کورس کا لازمی حصہ ہوگی۔ کورس کے مکمل ہونے پر ادارہ کی جانب سے سرکاری سرٹیفکیٹ دیا جائے گا جو مسلمہ حیثیت کا حامل ہوگا اور دنیا بھر میں تسلیم شدہ رہے گا۔ کورس کی تکمیل کے ساتھ ہی تربیت یافتہ نوجوانوں کو حیدرآباد کے دو مشہور ہاسپٹل Kims اور انڈو امریکن انسٹیٹیوٹ آف کینسر میں ملازمت فراہم کی جائے گی جہاں ان کی ابتدائی تنخواہ 7000 ہوگی۔ ای ایس آئی او پی ایف کی رقم کی کٹوتی کے بعد۔ بلا کسی تفریق مذہب، زبان، ذات پات اور ذریعہ تعلیم کے ہر کوئی اس ٹریننگ کیلئے اہل ہوگا۔ تربیت ہمہ لسانی ہوگی۔ تربیت پانے والے نوجوانوں کی تربیت سے پہلے 1500 کی رقم بطور ضمانت جمع کروانی ہوگی جو انہیں تقرر کے بعد پہلے ماہ میں 500 ، دوسرے ماہ میں 500 اور تیسرے ماہ میں 1000 (500)  اضافی رقم کے ساتھ 3 اقساط میں لوٹا دی جائے گی۔ ٹریننگ کے اوقات صبح 9 تا 5 بجے شام رہیں گے۔ تربیت پانے والوں کو سواری خرچ کیلئے بس یا میٹرو ریل کا پاس فراہم کیا جائے گا۔ اس کورس میں داخلہ کی آخری تاریخ 27 جنوری ہے۔ دلچسپی رکھنے والے ضرورتمند نوجوان لڑکے و لڑکیاں مندرجہ ذیل فون پر ربط کریں۔ ٹریننگ کا انتظام ودیانگر، عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس روڈ سے راست یا فون نمبرات 27645677 ، 7416947661 پر ربط کریں۔