بیروزگار نوجوان لڑکے لڑکیوں کو ماروتی کی مفت ڈرائیونگ تربیت

غربت دور کرنے سیاست کے تعاون سے اہتمام ، تربیت ماروتی کی سماجی ذمہ داریوں کا ایک حصہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( نمائندہ خصوصی ) : شہر کی آبادی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ چار پہیوں والی گاڑیوں کی تعداد میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے ۔ مہنگائی کے اس دور میں آٹو اور ٹیکسی کرائیوں سے بچنے کے لیے متوسط خاندان بھی نئی اور پرانی کاریں خریدنے لگے ہیں ۔ ایسے میں کاریں چلانا سیکھ لینا اور پھر چار پہیوں کی گاڑی کا لائسنس حاصل کرنا بہت ضروری ہوگیا ہے ۔ ہوسکتا ہے کہ آنے والے برسوں میں ڈرائیونگ لائسنس کا حصول مشکل ہوجائے ۔ روزنامہ سیاست نے ہمیشہ ملت کی رہبری کی ہے ملت کے تعلیمی و معاشی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کی ہیں جن میں سے متعدد کوششیں کامیاب ہوئی ہیں ۔ سیاست نے مسلم نوجوانوں میں بیروزگاری کا خاتمہ کرتے ہوئے انہیں روزگار فراہم کرنے کے لیے کئی ایک اداروں کے اشتراک و تعاون سے درجنوں پروگرامس چلائے ہیں جس کے ثمر آور نتائج برآمد ہوئے اس مرتبہ اس نے خط غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے ( غریب خاندانوں ) کے لڑکے اور لڑکیوں کو ڈرائیونگ کی مفت تربیت فراہم کرنے کی خاطر ماروتی کارس سے تعاون و اشتراک کیا ہے ۔ اس پروگرام کے تحت ماہانہ 15 لڑکے لڑکیوں کو ماروتی سوزوکی کی کاریں فروخت کرنے والے ماروتی کے شوروم کے آدرش ماروتی ڈرائیونگ اسکول چندرائن گٹہ چوراہے کی جانب سے ایک ماہ تک ڈرائیونگ کی مفت تربیت دی جائے گی ۔ مسٹر ایم این راجو منیجر آدرش ماروتی ڈرائیونگ اسکول نے بتایا کہ کارپوریٹ شعبہ کی جانب سے سماجی ذمہ داریوں کی تکمیل کے لیے خصوصی فنڈ مختص کیا جاتا ہے ماروتی نے اس CSR اسکیم کے تحت ہی غریب و بیروزگار نوجوان لڑکے لڑکیوں کو ڈرائیونگ کی مفت تربیت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے یومیہ ایک گھنٹہ کی تربیت دی جائے گی ۔ امیدواروں کی عمر 19 برس تا 35 برس ہونی چاہئے ۔ ایس ایس سی کامیاب امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی ۔ سفید راشن کارڈ ( فوڈ سیکوریٹی کارڈ ) ، انکم سرٹیفیکٹس اور 5 پاسپورٹ سائز تصاویر کے ساتھ دفتر سیاست کی ہیلپ لائن ڈیسک پر سید خالد محی الدین اسد سے فون نمبر 9391160364 پر ربط پیدا کریں ۔ یا پھر مسٹر ایم این راجو منیجر ماروتی ڈرائیونگ اسکول سے فون نمبر 8142244188 پر ربط پیدا کیجئے ۔ واضح رہے کہ ماروتی سوزوکی ہندوستان کی سب سے بڑی کارساز کمپنی ہے ۔۔