نئی دہلی 31 جنوری (یواین آئی) مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) نے مودی حکومت پر نیشنل سیمپل سروے کے اعداد و شمار کو چھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے روزگاری سے متعلق یہ اعداد و شمار پارلیمنٹ میں پیش کرکے اس پر بحث ہونی چاہئے ۔پارٹی پولٹ بیورو نے جمعرات کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ نوٹ بندي کے بعد نیشنل سیمپل سروے تنظیم کے اعداد و شمار سے یہ پتہ چلتا ہے مودی حکومت کے دو رمیں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے ۔15سے 29 سال کے دیہی نوجوانوں میں بے روزگاری میں تین گناسے زیادہ اضافہ ہوا ہے ۔ 12۔2011 میں بے روزگاری پانچ فیصد تھی جو بڑھ کر 17.4 فیصد ہو گئی ہے ۔ اس دوران دیہی خواتین کی بے روزگاری 4.8 فیصد سے بڑھ کر 13.6 فیصد ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہو گیا ہے کہ مودی حکومت نے یہ معلومات چھپانے کی کوشش کی جس کی وجہ سے قومی اعداد و شمار کمیشن کے دو ارکان نے استعفیٰ دے دیا جن میں ایک تو کمیشن کے صدر ہی ہیں۔اس سے پہلے لیبر بیورو کے 17۔ 2016کے اعداد و شمار کو بھی عوامی طور پر پیش نہیں کیا گیا تھا۔