بنگلور ۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے انفراسٹرکچر منسٹر روشن بیگ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ 29 اپریل کو نئی دہلی کے دورہ کے موقع پر وہ جی ایم آر گروپ سے بات چیت کریں گے اور یہ استدعا کریں گے کہ بیدر ایرپورٹ پر جو سہولیات دستیاب ہیں، اس سے استفادہ کیلئے اپنے اعتراض سے دستبردار ہوجائے۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ جی ایم آر گروپ کو یہ باور کرانے کی پوری کوشش کریں گے کہ بیدر ایرپورٹ پر موجود سہولیات کے استعمال کیلئے وہ اپنے اعترضات سے دستبرداری اختیار کرلے۔ یاد رہیکہ حیدرآباد ایرپورٹ سے فاصلہ کی بنیاد پر بیدر ایرپورٹ پر موجود سہولیات کو بروئے کار لانے اعتراض کیا تھا۔
جاریہ سال مانسون معمول سے کم رہے گا : محکمہ موسمیات
نئی دہلی 24 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی محکمہ موسمیات نے آج پیش قیاسی کی کہ جاریہ سال مانسون معمول سے قدرے کم رہے گا ۔ زرعی ماہرین نے تاہم حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس مسئلہ پر فکرمندی کا اظہار نہ کرے ۔ سابق صدر نشین کمیشن برائے زراعت مسٹر اشوک گلاٹی نے کہا کہ ہمیں اس تعلق سے چوکس رہنے کی ضرورت ہے اور تیاری بھی کرنی چاہئے تاہم ہم کو پریشانی کا شکار نہیں ہونا چاہئے ۔ پہلے بھی اس طرح کے اثرات ہوئے ہیں اور ملک اس سے بہتر انداز میں نمٹ چکا ہے ۔ اب اس پر پریشانی کی ضرورت بالکل بھی نہیں ہے ۔