بیت الخلاء میں دھماکہ10 سالہ لڑکا ہلاک

تھانے ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک عوامی بیت الخلاء میں ہوئے دھماکے میں ایک 10 سالہ لڑکا ہلاک اور ایک دیگر شخص زخمی ہوگیا۔ دریں اثناء تھانے میونسپل کارپوریشن کے ریجنل ڈیساسٹر مینجمنٹ سیل کے سربراہ سنتوش کدم نے بتایا کہ شہر کی لوکمانیہ نگر کالونی میں عوامی بیت الخلاء کے سیپٹک ٹینک میں گیاس جمع ہوجانے کی وجہ سے دھماکہ ہوا۔ حادثہ کے وقت 10 سالہ لڑکا رفع حاجت کیلئے وہاں گیا تھا جو اس کی ہلاکت کا سبب بن گیا۔ متوفی کی آکاش سنگھ کی حیثیت سے شناخت عمل میں آئی جبکہ اس کے 55 سالہ چاچا کو شدید زخمی حالت میں تھانے سیول ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔ سب انسپکٹر وی آر پٹولے نے بتایا کہ ورتک نگر پولیس نے معاملہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

ماویسٹوں کے ذریعہ نوجوان کا
اغواء اور قتل
ملکانگیری ( اڈیشہ ) ۔ 30 ۔ اکٹوبر : (سیاست ڈاٹ کام ) : ایک قبائلی نوجوان کو مبینہ طور پر ماویسٹوں نے اغواء کر کے گولی مار دی کیوں کہ ماویسٹوں کو شبہ تھا کہ نوجوان پولیس کا مخبر ہے ۔ یہ واقعہ یہاں کے کالی مہلہ علاقہ میں رونماہوا ۔ پولیس کے مطابق 27 سالہ بھیما مادھی کو اس کے مکان سے ماویسٹوں کے ایک مسلح گروپ نے اغواء کرلیا تھا ۔ اس کی نعش آج صبح یہاں سے آٹھ کلومیٹر دور دستیاب ہوئی اور جسم پر بندوق کی گولی کے نشان تھے ۔ نعش کے قریب ماویسٹوں کے کچھ پوسٹرس بھی پائے گئے ۔ ایک پوسٹر میں تحریر تھا کہ بھیما کو اس لئے ہلاک کیا گیا ہے کہ وہ پولیس کا مخبر تھا ۔ اگر کسی نے بھی پولیس کا مخبر بننے کی جرات کی تو اس کا بھی یہی حشر ہوگا ۔۔