بیالسٹک میزائلس کی تیاری جاری رکھنے ایران کا عہد

تہران۔ 29 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر ایران حسن روحانی نے آج کہا کہ ملک کی جانب سے میزائلس کے فروغ کے بشمول ہتھیاروں کی تیاری کا عمل جاری رہے گا جبکہ امریکہ نے اس کے بیالسٹک میزائل پروگرام پر نئی تحدیدات عائد کرنے کی تیاری کی ہے۔ حسن روحانی نے پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ اپنے ملک کے دفاع کیلئے اور اپنے علاقہ کی یکجہتی کی خاطر ہم اپنی ضرورت کے تمام ہتھیار کو تیار کریں گے۔ حال ہی میں ایران کے میزائل تجربہ پر امریکی تحدیدات نافذ کی گئی تھیں اور الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس نے 2015ء کے نیوکلیئر معاہدہ کی خلاف ورزی کی ہے۔ حسن روحانی نے کہا کہ ایران کسی بھی بین الاقوامی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی نہیں کرتا اور یہ اقوام متحدہ کی قرارداد 2231 کے خلاف نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم پوری قوت سے اپنے قومی مفادات کے تحفظ کیلئے کام کریں گے۔ اپنی سکیورٹی کو پوری طاقت سے استعمال کریں گے۔