سروے رپورٹ میں معدنی ذخائر موجود ہونے کا انکشاف
حیدرآباد۔/27ستمبر، ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ سنگارینی کالریز کمپنی کے خطوط پر ضلع کھمم کے بیارم مقام پر ’’ اسٹیل پلانٹ ‘‘ قائم کرنے کیلئے کوشاں دکھائی دیتی ہے کیونکہ اس سے متعلق مکمل طور پر سروے کرواچکی ہے۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق ایک سال قبل ہی مرکزی حکومت کی ہدایت پر جیالوجیکل سروے آف انڈیا اور محکمہ معدنیات نے بیارم مقام کا تفصیلی سروے کیا۔ اس سروے کی روشنی میں بیارم مقام پر پائے جانے والے معدنی ذخائر کی مکمل تفصیلات پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کی مرکزی حکومت نے جیالوجیکل سروے آف انڈیا اور مائیننگ ڈپارٹمنٹ کو ضروری ہدایات دی ہے۔ اس کے علاوہ معدنی ذخائر کا معیار و پلانٹ کے ممکن ہونے یا نہ ہونے سے متعلق مکمل سروے کرنے کی حکومت نے متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کو سخت ہدایات دی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق میں سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے بعض عہدیداروں نے بیارم معدنی ذخائر کو غیر معیاری ظاہر کرتے ہوئے اور اسٹیل پلانٹ قائم کرنے کیلئے درکار اراضی فراہم نہ رہنے کی مرکزی و ریاستی حکومتوں کو غلط رپورٹس پیش کی تھی۔ اسی اثناء ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم کی روشنی میں ریاست تلنگانہ کے گروپ آف منسٹرس ( وزارتی گروپ ) نے دوبارہ بیارم معدنی ذخائر کا تفصیلی جائزہ لینے کے ارادہ سے مرکزی حکومت سے دوبارہ نمائندگی کی جس پر مرکزی حکومت نے اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جیالوجیکل سروے آف انڈیا اور محکمہ مائیننگ کے عہدیداروں نے بیارم کے مقام کا مکمل سروے کیا اور اس سروے رپورٹ میں اسٹیل پلانٹ قائم کرنے کے زرین مواقع پائے جانے کا اظہار کیا گیا۔ اس کے باوجود مرکزی حکومت کوئی اقدام کرنے سے گریز کررہی ہے جبکہ بیارم میں وافر مقدار میں معدنی ذخائر پائے جانے کے ساتھ ساتھ ان معدنی ذخائر کی کافی مانگ پائی جانے کی اطلاعات ہیں۔ علاوہ ازیں بتایا جاتا ہے کہ متحدہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے موقع پر تلنگانہ کے بیارم میں اسٹیل پلانٹ قائم کرنے سے مرکزی حکومت نے اتفاق کیا۔ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاستی حکومت کے دباؤ پر ہی جیالوجیکل سروے آف انڈیا اور مائیننگ ڈپارٹمنٹ نے مکمل سروے کیا اور اس سروے رپورٹ کو مرکزی حکومت نے تلنگانہ حکومت کو فراہم کیا ہے اور اس رپورٹ کی روشنی میں حکومت تلنگانہ نے دیرینہ تجربہ رکھنے والی سنگارینی کالریز کمپنی سے بیارم معدنی ذخائر کے معیار اور ذخیرہ کس حد تک پایا جارہا ہے ڈریلنگ کرکے معلومات حاصل کرنے کی خواہش کی۔ جس پر سنگارینی عہدیداروں کی ٹیم نے مختلف مقامات پر ڈریلنگ کرکے معدنی ذخائر کی موجودگی سے متعلق مکمل تفصیلات حاصل کی اور ایک جامع رپورٹ مرتب کرکے حکومت تلنگانہ کو پیش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کو پیش کردہ رپورٹ کی رشونی میں معدنی ذخائر صرف بیارم کے مقام پر ہی نہیں بلکہ وسیع علاقوں تک پائے جانے کا اظہار کیا گیا اور سمجھا جاتا ہے کہ ایک اندازہ کے مطابق زاید از 802 ملین ٹن معدنی ذخائر پائے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں اضلاع کھمم، ورنگل، کریم نگر، عادل آباد میں بھی وافر مقدار میں معدنی ذخائر کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ اس طرح علاقہ تلنگانہ میں اسٹیل پلانٹ قائم کرنے کیلئے درکار معدنی ذخائر پائے جانے کی طمانیت پائی جاتی ہے۔ لہذا ان تمام حالات کی روشنی میں بیارم کے مقام پر اسٹیل پلانٹ کا قیام یقینی تصور کیا جارہا ہے۔