بیارم اسٹیل پلانٹ پر تلنگانہ حکومت کا عدم تعاون

رکن پارلیمنٹ دتاتریہ کی نمائندگی پر مرکزی وزیر فولاد کا جواب
حیدرآباد 2 اگسٹ ( سیاست نیوز ) مرکزی وزیر فولاد مسٹر بریندر سنگھ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت بیارم میں اسٹیل پلانٹ قائم کرنے کئی بیرونی انفرا اسٹرکچر سے متعلق اور معاشی مسائل پر نہ کوئی تفصیلات فراہم کر رہی ہے اور نہ کوئی جواب دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی وزارت اب بھی بیارم میں اسٹیل پلانٹ قائم کرنے کی پابند ہے تاہم تلنگانہ حکومت کے عدم تعاون کی وجہ سے کچھ کارروائی نہیں ہو پا رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ بنڈارو دتاتریہ نے مرکزی وزیر سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے بیارم میں اسٹیل پلانٹ قائم کرنے کے عمل کو تیز کرنے کی خواہش کی تھی جس پر بریندر سنگھ نے انہیں یہ جواب دیا ہے ۔ اس ملاقات کے موقع پر بریندر سنگھ نے کی وزارت کی جانب سے بیارم اسٹیل پلانٹ اور کڈپہ میں ایک پلانٹ قائم کرنے کے اقدامات سے دتاتریہ کو واقف کروایا ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت نے ان کی وزارت کے کچھ استفسارات پر کوئی جواب نہیں دیا ہے ۔ ان میں اراضی کی قیمت ‘ برقی اسٹیشن سے دوری ‘ برقی کی قیمت ‘ آبی وسائل کی قیمت وغیرہ سے متعلق سوال شامل تھے ۔ انہوں نے دتاتریہ کو بتایا کہ این ایم ڈی سی کی جانب سے پہلے ہی کھمم میں پالونچہ کے مقام پر اسپونج آئرن پلانٹ کا کام شروع کردیا گیا ہے ۔