پسماندہ طبقہ کے قائد کو چیف منسٹر کا عہدہ ، این سوریہ پرکاش و ویرا بھدرم کا اعلان
حیدرآباد ۔9 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ میں آئندہ منعقد ہونے والے مجوزہ انتخابات کے موقع پر ریاست تلنگانہ میں 65 حلقہ جات اسمبلی کے لیے پسماندہ طبقات کے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دینے کا ریاستی بہوجن لیفٹ فرنٹ ( بی ایل ایف ) نے اعلان کیا اور مزید کہا کہ پسماندہ طبقہ کے کسی قائد کو ہی چیف منسٹر کے عہدے پر فائز کیا جائے گا ۔ مسٹر این سوریہ پرکاش صدر نشین اور ٹی ویرا بھدرم کنوینر و سکریٹری سی پی آئی ایم تلنگانہ ریاستی کمیٹی نے اس بات کا اعلان کیا ۔ اور بتایا کہ بہوجن لیفٹ فرنٹ ریاست میں تمام حلقہ جات اسمبلی سے اپنے امیدوار کھڑا کرے گی اور کامیابی حاصل کرنے پر چیف منسٹر کے عہدے پر کسی پسماندہ قائد کو موقعہ فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ان قائدین نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کیا کہ پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کئی ایک اعلانات کر کے پسماندہ طبقات کو پھر ایکبار دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔ مسٹر این سوریہ پرکاش صدر نشین اور مسٹر ٹی ویرا بھدرم کنوینر بہوجن لیفٹ فرنٹ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں پسماندہ طبقات کو زیادہ سے زیادہ اسمبلی حلقوں سے پارٹی ٹکٹ دینے کیلئے کوئی بھی سیاسی جماعتیں بشمول تلنگانہ راشٹرا سمیتی تیار نہیں ہے جب کہ ریاست بھر پسماندہ طبقات کی تعداد زیادہ پائی جاتی ہے لیکن کوئی بھی سیاسی جماعت فراخدلی کا مظاہرہ نہیں کرتی ہے ۔ انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو بہتر سبق سکھانے کے لیے ہی تلنگانہ میں مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں پر مشتمل ’بہوجن لیفٹ فرنٹ ‘ تشکیل دیا گیا ۔۔