رباط 31مارچ(سیاست ڈاٹ کام )کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ خوف وہراس پھیلانے یا دیواریں بنانے سے لوگوں کو اچھی اور بہتر زندگی گزارنے کے حق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق پوپ فرانسس مراکش کے دارالحکومت رباط کی تاریخی مسجد حسان کے دورے کے بعد مسجد کے احاطے میں ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہب پرستی کی مخالفت کرنا ضروری ہے ۔اس موقع پر شاہ مراکش نے بھی مذہبی بنیاد پرستی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد جوکررہے ہیں وہ مذہب نہیں۔اجتماع کے بعد شاہ محمد پوپ فرانسس کے ساتھ محل جارہے تھے کہ ایک نوجوان اُن کی گاڑی کی جانب بڑھا تاہم شاہی محافظوں نے نوجوان کو فوری قابوکرلیا۔ اس نوجوان کے ہاتھ میں کاغذ تھا۔واقعے کے وقت شاہ محمد کی گاڑی پوپ فرانسس کی کارکے قریب تھی۔اس سے پہلے رباط پہنچنے پر شاہ محمد ششم نے پوپ فرانسس کا پُرتپاک استقبال کیا۔ایئرپورٹ پرمختصرملاقات میں پوپ فرانسس اورشاہ مراکش نے اس بات پراتفاق کیا کہ بیت المقدس مسلمانوں، مسیحیوں اوریہودیوں کی مشترکہ میراث اورتینوں مذاہب کے لیے مقدس مقام ہے ۔واضح رہے کہ 34 برسوں میں کسی بھی پوپ کا یہ مراکش کا پہلا دورہ ہے ۔ پوپ فرانسس کو مراکش کے بادشاہ شاہ محمد ششم نے بین المذاہب مکالمے میں شرکت کے لیے مدعو کیا ہے ۔