عوامی نمائندوں کیلئے سہ روزہ تربیتی کیمپ منعقد کیا جائیگا ‘ ٹی آر ایس کا اقدام
حیدرآباد۔/28اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے بہتر حکمرانی اور فلاحی اسکیمات کے بارے میں عوامی نمائندوں میں شعور بیداری کیلئے تین روزہ تربیتی کیمپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی وزراء اور برسر اقتدار پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ و ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل کے علاوہ مجالس مقامی کے نمائندے اس تربیتی کیمپ میں شرکت کریں گے۔ یکم تا 4مئی تلنگانہ کے تفریحی مقام ناگرجنا ساگر پر ٹریننگ کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی کے سینئر قائدین اور بعض وزراء سے مشاورت کے ذریعہ ٹریننگ کیمپ کے انعقاد کو منظوری دی۔ اس کی ذمہ داری اڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج آف انڈیا کو دی گئی ہے جس میں مختلف شعبوں کے ماہرین کے ذریعہ لکچرس اور باہمی تبادلہ خیال کا اہتمام کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق چیف الیکشن کمشنرس ٹی این سیشن، جی ایم لنگڈوہ کے علاوہ ممتاز ماہر معاشیات ہنمنت راؤ کو ٹریننگ کیمپ میں لکچرس کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بعض دیگر ماہرین بھی شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر شخصی طور پر اس کیمپ کی نگرانی کریں گے اور وہ یکم مئی کو ناگرجنا ساگر روانہ ہوں گے۔ 2مئی سے ٹریننگ کیمپ کا آغاز ہوگا اور ابتدائی دو دن وزراء، ارکان پارلیمنٹ، اسمبلی و کونسل کیلئے لکچرس اور کیمپ کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ 4مئی کو ٹریننگ کیمپ کے آخری دن ضلع پریشد صدور نشین، پارٹی کے ضلع صدور، ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینک کے صدور نشین اور اسمبلی حلقہ جات کے پارٹی انچارجس شرکت کریں گے۔ 4مئی کو چیف منسٹر حیدرآباد واپس ہوجائیں گے۔ ریاستی وزیر جگدیش ریڈی نے ٹریننگ کیمپ کے انعقاد کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس کیمپ کے انعقاد کا مقصد پارٹی کے عوامی نمائندوں کو نظم و نسق اور انتظامیہ سے متعلق اُمور سے آگاہ کیا جائے گا تاکہ تلنگانہ میں بہتر حکمرانی کے سلسلہ میں عوامی نمائندوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ عوامی نمائندے حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم رول ادا کریں اور سرکاری اسکیمات کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچانے میں ان کی حصہ داری رہے۔