گوہاٹی 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت آسام نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ تعلیمی شعبہ میں غیر معمولی کارنامہ انجام دینے والے 10 طلباء کو امریکہ کی نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیش ایڈمنسٹریشن NASA کے 12 روزہ دورہ پر روانہ کرے گی جسے NASA VISIT-2014 سے موسوم کیا گیا ہے ۔ ان میں دسویں جماعت میں اعلی ترین پوزیشن حاصل کرنے والے پہلے تین طلباء اور آرٹس ،کامرس و سائنس کے شعبوں سے 12 ویں جماعت میںبہترین کارکردگی دکھانے والے تین طلباء شامل ہوں گے ۔ ایک سرکاری اعلامیہ کے ذریعہ یہ بات بتائی گئی جس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ناسا کے دورہ کا مقصد بہترین تعلیم یافتہ اور تخلیقی صلاحیتوں کی حامل نسل کو منظر عام پر لایا جائے کیونکہ یہی ذہین طلباء مستقبل کے لیڈر ہوں گے جن کا تعلق زندگی کے ہر شعبہ بشمول سائنس اور ٹکنالوجی سے ہوگا۔ اس نوعیت کی ویزٹ کا آغاز 2012 ء سے ہوا تھا جس کے ذریعہ طلباء کو سائنس کی دنیا اور علم فلکیات سے متعلق بہترین معلومات کا خزانہ حاصل ہوتا ہے۔ دورہ کے دوران طلباء کو جان ایف کینیڈی اسپیس سنٹر، یونیورسٹی آف فلوریڈا،اے ٹی اینڈ ٹی بیل لیباریٹری ،بیز مینوفکچرنگ فیکٹری کے علاوہ واشنگٹن اور نیو یارک شہروں کی سیر کروائی جائے گی ۔