پٹنہ ۔ 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے 13 اضلاع میں جملہ 5.8 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہیں جن میں سابق وزیراعلیٰ نتیش کمار کا آبائی موضع بیلچی بھی شامل ہے جو نالندہ میں واقع ہے۔ دریں اثناء این ڈی آر ایف 9 بٹالین کے کمانڈنٹ وجے سنہا نے کہا کہ ریاست بہار میں اب سیلاب کی شدت میں ہر سال اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے اور اس لئے پڑوسی ریاست مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والی بٹالین کو بہار کے لئے روانہ کیا گیا ہے تاکہ وہ وہاں پر پہلے سے موجود اپنی آٹھ ٹیموں کے ساتھ شامل ہوکر بچاؤ اور راحت کاری میں حصہ لے سکے۔ دوسری طرف ڈیساسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ (DMD) کے خصوصی سکریٹری انیرودھ کمار نے بتایا کہ ریاست کے مزید چار اضلاع پٹنہ، گوپال گنج، مشرقی چمپارن اور شیخ پورہ بھی سیلاب کی زد میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 13 اضلاع کے 43 بلاکس سیلاب کی لپیٹ میں ہیں جس سے 5.8 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ دربھنگہ، نالندہ، مغربی چمپارن، سوپال، سہارسا، نواڈا، سیتامڑھی، کھگریا اور مظفرنگر ایسے مقامات ہیں جو شدید سیلاب کی لپیٹ میں ہیں لیکن کسی کی مزید ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے جبکہ کل تک سیلاب میں مرنے والوں کی تعداد دو تھی۔ انہوں نے کہا کہ اچھی خبر یہ ہیکہ متعدد دریاؤں کی آبی سطح میں کمی واقع ہورہی ہے جن میں کوسی، گنڈک اور سدن قابل ذکر ہیں۔ اب تک 38000 افراد کو بچا لیا گیا ہے اور متاثرہ اضلاع میں جملہ 75 پناہ گزین کیمپس قائم کئے گئے ہیں جبکہ بچاؤکاری کے لئے 487 کشتیوں بشمول موٹربوٹس کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ دوسری طرف یوپی سے ملنے والی اطلاع کے مطابق یو پی میں سیلاب سے مزید 13 افراد کی ہلاکت کے بعد مہلوکین کی جملہ تعداد 41 ہوگئی۔ اب تک 1000 مواضعات کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شرواستی میں مرنے والوں کی تعداد 8 ، بہرائچ میں 2 ، بلرام پور میں 2 اور لکھیم پور یں ایک فرد کی سیلاب میں ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ سیلاب سے بدترین طور پر متاثر ہونے والے اضلاع میں بہرائچ، شرواستی، گونڈہ، بلرام پور، لکھیم پور، بارہ بنکی، سیتاپور، فیض آباد اور اعظم گڑھ شامل ہیں۔