بہار کے طوفان کو قومی آفت سماوی قرار دینے کانگریس کا مطالبہ

پٹنہ ۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج مطالبہ کیا کہ گذشتہ ہفتہ کے بہار میں استوائی طوفان کو قومی آفت سماوی قرار دیا جائے اور ریاست کو خصوصی پیاکیج فراہم کیا جائے۔ پارٹی نے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیراعظم نریندر مودی کے نام اپنی یادداشت میں کہا کہ بہار میں موسلادھار بارش اور گرج چمک سے پہلے زبردست زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں جنہیں قومی آفت سماوی قرار دینا ضروری ہے۔ کانگریس کے ایک وفد نے ریاستی صدر اشوک کمار چودھری کی زیرقیادت ایک پانچ نکاتی یادداشت برجیش مہروترا کے توسط سے پرنسپل سکریٹری برائے گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی کو پیش کی۔ کانگریس نے مطالبہ کیا کہ بہار کیلئے ایک خصوصی راحت رسانی اور بازآباد کاری پیاکیج منظور کیا جائے کیونکہ مشرقی اور شمال مشرقی اضلاع کے عوام کی فصلوں اور قیامگاہوں کو طوفان سے زبردست نقصان پہنچا ہے۔ کاشتکاروں کے قرضے معاف کئے جائیں۔ کافی رقم بطور ایکس گریشیاء مہلوکین کے ارکان خاندان کو ادا کی جائے۔ محکمہ موسمیات کو باقاعدہ بنایا جائے تاکہ آفات سماوی کے بارے میں قبل از وقت اطلاع حاصل ہوسکے جس کے نتیجہ میں احتیاطی اقدامات کئے جاسکیں۔ کانگریس مقننہ پارٹی کے قائد برائے کونسل مدن موہن جھا، رکن کونسل رام چندر بھارتی کے علاوہ دیگر کئی کاشتکار ارکان کونسل وفد میں شامل تھے۔ طوفان سے متاثرہ اضلاع کا دورہ کرنے کے بعد وفد نے دیکھا کہ ہزاروں مکان اور کھڑی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں۔