بہار کے طلبہ کا امتحانی مرکز بنگلوربنانا غلط:رنجیت رنجن

نئی دہلی، 30جولائی(سیاست ڈاٹ کام) ریلوے کے امتحان کے لئے امیدواورں کا امتحانی مرکز ان کی رہائش گاہوں سے ہزاروں کلومیٹر دور دینے کا معاملہ آج لوک سبھا میں اٹھا اور مقامی سطح پر ہی طلبہ کے لئے امتحانی مراکز بنانے کی مانگ کی گئی۔کانگریس کی رنجیت رنجن نے وقفہ صفر میں یہ معاملہ اٹھایا او رکہا کہ ریلوے کے لئے چھبیس ہزار سے زیادہ اسامیاں نکلی ہیں اور اس کی آن لائن امتحان منعقد کی گئی ہے ۔ ان عہدوں کے لئے 47لاکھ سے زیادہ طلبہ نے درخواستیں دی ہیں لیکن ان کے ساتھ ریلوے نے غلط کیا ہے اور امیدواروں کا امتحانی مرکز ان کے گھروں سے ہزاروں کلومیٹر دور بنائے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آن لائن امتحان دینے کے لئے بہار کے مختلف اضلاع میں طلبہ کو حیدرآباد ، بنگلورو، چینئی ، موہالی وغیرہ مقامات پر بلایا گیا ۔ اسی طرح سے اترپردیش، راجستھان، پنجاب وغیرہ ریاستوں کے طلبہ کو بھی بلایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان طلبہ کا آن لائن امتحان ان کی ریاست میں یا قریبی علاقے میں منعقد کی جاتی تو طلبہ کو زیادہ راحت ملتی۔محترمہ رنجن نے اسے غریب گھروں کے بچوں کے ساتھ ناانصافی قرار دیا اور کہا کہ ان امتحانات میں عام گھروں کے بچے بڑی تعداد میں حصہ لے رہے ہیں ۔