بہار کے سابق چیف منسٹر رام سندر داس کا انتقال

پٹنہ ۔ 6 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سابق چیف منسٹر بہار اور سینئیر جنتادل متحدہ لیڈر رام سندر داس کا بعمر 95 سال آج انتقال ہوگیا ۔ وہ امراض پیرانہ سالی سے متاثر تھے ۔ اطلاع ملتے ہی چیف منسٹر نتیش کمار پٹنہ کے علاقہ کنکر باغ میں واقعہ ان کے مکان پہنچے اور سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات انجام دینے کا اعلان کیا ۔ مسٹر داس 1979 میں جنتا پارٹی حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے بہار کے چیف منسٹر تھے ۔ انہوں نے 2009 میں حاجی پور لوک سبھا حلقہ سے رام ولاس پاسوان کو شکست دی تھی ۔ لیکن گذشتہ سال پارلیمانی انتخابات میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔ ان کی آخری رسومات کل دریائے گنگا کے کنارے بنس گھاٹ پر انجام دی جائے گی ۔ چیف منسٹر نتیش کمار نے داس کی موت پر بطور احترام اپنی قیام گاہ پر ہولی کا جشن منسوخ کردیا اور ریاست بھر میں 2 یوم کے سوگ کا اعلان کیا ۔