معلنہ پیاکیج پر عوام کا حق۔ انتخابی جلسہ سے وزیر اعظم مودی کا خطاب
بانکہ( بہار )۔/2اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج چیف منسٹر بہار نتیش کمار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ طویل حکمرانی کی وجہ سے ان میں تکبر اور غرور آگیا ہے ، اور عوام سے اپیل کی ہے کہ ریاست کامقدر بدلنے کیلئے بی جے پی کے ترقیاتی ایجنڈہ کی تائید کریں۔ اسمبلی انتخابات کے اعلان کے بعد پہلے جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے نریندر مودی نے نوجوانوں اور غریبوں کو رجھانے کیلئے گردش روزگار کا مسئلہ حل کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ تمام مسائل کا حل ترقی میں مضمر ہے۔وزیر اعظم نے بہار کیلئے معلنہ مالیاتی پیاکیج پر شک و شبہ ظاہر کرتے ہوئے اپنے حریفوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بعض لوگ 1.65 لاکھ کروڑ کے پیکیج پر سوالات اٹھارہے ہیں جس کا میں نے حال ہی میں اعلان کیا تھا اور یہ دریافت کررہے ہیں کہ کیا یہ رقم آئیگی یا نہیں؟ جس پر وزیر اعظم نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ معلنہ رقم موجودہ حکومت کے حوالے کردی جانے اور یہ رقم عوام تک پہنچنے کی ضمانت کیا ہے۔ نریندر مودی نے کہا کہ اگرمیں نے یہ رقم نتیش کمار کے حوالے بھی کردی تو وہ غرور و تکبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ رقم واپس کردیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ میں اس بات پر فکرمند ہوں کہ اگر 1.65 کروڑ روپئے ریاست کے حوالے کردیا بھی تو یہ کہتے ہوئے واپس کردی جائے گی کہ یہ رقم مودی کی دی ہوئی ہے میں ان ( نتیش ) پر بھروسہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے بتایا کہ سابق میں نتیش کمار نے 5کروڑ روپئے حقارت سے واپس کردیئے تھے جو کہ علاقہ کوسی میں سیلاب کے متاثرین کیلئے حکومت گجرات نے دیئے تھے۔ وزیر اعظم نے سابق چیف منسٹر جتن رام مانجھی جو کہ شہ نشین پر موجود تھے یہ پوچھا کہ آیا وہ عہدہ سے ہٹادیئے جانے کے بعد نتیش کمار پر بھروسہ کرنے لگے ہیں۔ جتن رام مانجھی کو جس طرح بے عزتی کے ساتھ چیف منسٹر کے عہدہ سے ہٹادیا گیا اس کے بعد سے تو بہار کے عوام کا نتیش کمار پر سے بھروسہ اُٹھ گیا ہے۔وزیر اعظم نے بہار کیلئے معلنہ بھاری پیاکیج پر ان کے حریفوں کی تنقیدوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ بہار کے حق میں کوئی نظر عنایت نہیں کررہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی حکومت کسی کیلئے بھی کچھ بھی نہیں کررہی ہے یہ صرف بہار اور اس کے عوام کا حق ہے اور میں یہ حق ادا کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں ہر قسم کے ازم (نظریات ) بشمول فیڈرل ازم( وفاقیت ) کیپٹل ازم ( سرمایہ داری) اورڈئینسٹا ازم (خاندانی وراثت ) پائے جاتے ہیں۔