لالوپرساد یادو کے مطالبہ کو بی جے پی کی حمایت
پٹنہ۔یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن بی جے پی نے آج اس مطالبہ کی حمایت کی ہے کہ ریاستی حکومت کی ملازمتوں اور پیشہ ورانہ کالجوں میں 80 فیصد بہاریوں کو ریزرویشن مختص کئے جائیں جبکہ اس خصوص میں سیاسی مفادات حاصل کرنے کے لئے بیان بازی کرنے پر چیف منسٹر نتیش کمار اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ سینئر بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی، پروفیشنل انسٹیٹیوٹس اور اسٹیٹ جابس (آسامیوں) میں 80 فیصد ریزرویشن کی حمایت کرتی ہے جسیا کہ آر جے ڈی سربراہ لالوپرساد یادو کی پیشکردہ تجویز سے چیف منسٹر نتیش کمار نے اصولی طور پر اتفاق کیا ہے لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ نتیش کمار اور لالوپرساد یادو محض سیاسی مفادات کے لئے صرف بیان بازی کررہے ہیں۔ حقیقت میں انہیں اس مسئلہ پر کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ قبل ازیں یہ مسئلہ قانون ساز کونسل میں بی جے پی ارکان منگل پانڈے اور رجنیش کمار نے اٹھایا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر نے ملک کے مختلف مقامات پر ریزرویشن کا مطالبہ کی یکسوئی کے لئے مرکز سے مداخلت کی اپیل کی ہے جس پر قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر سشیل کمار مودی نے کہا کہ اس طرح کے مسائل میں مرکز کا کوئی رول نہیں ہوتا ہے۔ لالوپرساد یادو کے اس اثرار پر کہ ملکی پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے بہار پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے منعقدہ اسسٹنٹ پروفیسر کی جائیدادوں پر غیر مقامی امیدوار منتخب کئے جارہے ہیں۔ بی جے پی نے کہا کہ اس شکایت کے لئے ریاستی حکومت کو ہی مورد الزام ٹھہرایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2009ء سے قبل پی ایچ ڈی کرنے والے 34 ہزار بہاری طلباء تلاش روزگار میں ہیں لیکن حکومت کوئی اقدامات نہیں کررہی ہے۔