پٹنہ۔/2جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں 1400 سے زائد پرائمری ٹیچرس نے جعلی تعلیمی اسنادات رکھنے پر حکومت کی کارروائی کے اندیشہ سے استعفی دے دیا۔ محکمہ تعلیمات کے ایک عہدیدار نے آج یہ اطلاع دی اور کہا کہ آنے والے دنوں میں مزید جعلساز اساتذہ کے استعفی کا امکان ہے کیونکہ حال ہی میں پٹنہ ہائی کورٹ نے جعلی تعلیم ڈگری رکھنے والے اساتذہ کو ہدایت دی ہے کہ از خود استعفی دے دیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائیگی۔ پرنسپال سکریٹری محکمہ تعلیمات آر کے مہاجن نے بتایا کہ فی الحال 1400 اساتذہ نے استعفی دیا ہے اور آخری تاریخ 8جولائی تک مزید استعفے متوقع ہیں جس کے بعد ہی حقیقی اعداد و شمار کا پتہ چلے گا۔انہوں نے بتایا کہ جعلی سرٹیفکیٹ رکھنے کے باوجود استعفی نہ دینے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کیا جائیگا۔