بہار میں ہندو جوڑے کی مذہبی رواداری

لے پالک مسلم لڑکی کی اسلامی طریقہ پر شادی
پورنیہ (بہار) 8 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں فرقہ وارانہ تصادم کی داستانیں تلاش کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے جہاں پر مختلف فرقہ ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہوجاتے ہیں لیکن بعض اوقات فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے منفرد واقعات بھی پیش آتے ہیں۔ بہار کے ضلع پورنیہ میں ایک ہندو جوڑے نے اپنی منہ بولی مسلم بیٹی کی شادی مسلم رسم و رواج کے مطابق انجام دیں۔ ایک یتیم لڑکی شہابو کو 20سال قبل اوپیندر گپتا نے گود لیا تھا اور اسلامی طریقہ پر اپنی دختر کی شادی انجام دی۔ شہابو جب 4 سال کی تھی اس وقت اس کے والدین کی موت واقع ہوگئی تھی اور کوئی بھی اس کی دیکھ بھال کیلئے تیار نہیں تھا۔ گپتا نے شہابو کی دیکھ بھال اور پرورش کی ذمہ داری سنبھالی۔ شادی کی تقریب میں ہندو اور مسلم فرقوں کے افراد نے شرکت کی۔