بہار میں چار دن کے دوران تیسرے انجینئر کو گولی مار دی گئی

حاجی پور ؍ پٹنہ ۔29 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار کے ضلع وائیشالی میں ایک انجینئر مقبول پایا گیا ۔ دربھنگہ میں دو انجینئروں کو دن دہاڑے گولی مار دیئے جانے کے چار دن بعد یہ واقعہ پیش آیا ہے ۔ دربھنگہ میں دو انجینئروں کو اُس وقت گولی مارکر ہلاک کردیا گیا تھا جب انھوں نے جبری وصولی کرنے والوں کو رقم دینے سے انکار کردیا تھا ۔ غنڈوں نے ان دونوں انجینئروں سے اپنی جان کی حفاظت کیلئے انھیں رقم دیے کا مطالبہ بھی کیا تھا ۔ تازہ ترین واقعہ میں 42 سالہ انکت جھا کی نعش کو جس پر زخموں کے کئی نشان تھا مقامی دیہاتیوں نے راجہ پاکر پولیس اسٹیشن کے تحت کاشی پور گاؤں کے ایک باغ میں پڑی دیکھا تھا جس کے بعد پولیس کو مطلع کیا گیا تھا ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس راکیش کمار نے کہاکہ مقتول انکت جھا ریلائینس آئی ٹی سے بحیثیت کوالٹی انجینئر وابستہ تھے ۔ ان کی ڈائری کی بنیاد پر اس کی توثیق ہوئی ۔ مہلوک کے جیب سے شناختی کارڈ بھی دستیاب ہوا ۔ انکت جھا کا دائرہ اختیار سارے شمالی بہار پر محیط تھا جن کے قتل کی وجوہات کا فوری طورپر علم نہیں ہوسکا۔ اس واقعہ سے چار دن قبل دربھنگہ ۔ کشیشو راستھان ریاستی شاہراہ پر سڑک تعمیر کرنے والی ایک خانگی کمپنی کے دو انجینئروں کو موٹر سیکل سوار حملہ آوروں نے گولی مارکر ہلاک کردیا تھا ۔ اس دوران آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے کہا کہ ان کی حکمرانی کے دوران جو لوگ امن و قانون کو چیلنج کرتے رہے تھے انھوں نے ہی ان واقعات کا ارتکاب کیا ہے ۔