پٹنہ ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سیکوریٹی فورسیس نے مشرقی چمپارن ضلع سے پانچ مشتبہ نکسلائیٹ کیڈرس کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے اسلحہ جات بھی ضبط کرلئے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سی آر پی ایف کی قیادت میں افواج کی ایک مشترکہ جمعیت نے برڈیشن پور۔ راجے پور نکسلائیٹس کے خلاف کئے جانے والے آپریشن کے دوران مشتبہ ماؤسٹوں کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت 45 سالہ سری نارائن پرساد، 25 سالہ گنیش کمار، 18 سالہ راجیش رام، 22 سالہ راجیش ٹھاکر اور 18 سالہ دیپل رام کی حیثیت سے ہوئی ہے جن کے قبضہ سے دو دیسی ساختہ پستول، کارتوسوں کے پانچ راونڈس اور دیگر اشیاء ضبط کی گئیں۔ بعدازاں انہیں مقامی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
قاتلانہ حملے میں بیوی ہلاک، شوہر زخمی
مظفرنگر ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) میاں بیوی پر آہنی سلاخ سے حملہ کئے جانے کا ایک واقعہ رونماہوا جس میں بیوی برسرموقع ہلاک ہوگئی اور شوہر شدید زخمی ہوا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ 60 سالہ اوشا مردہ پائی گئی جبکہ اس کا شوہر 65 سالہ بھگوان بنسل پٹیل نگر میں واقع اپنی رہائش گاہ پر شدید زخمی حالت میں دستیاب ہوا۔ پولیس کو شبہ ہیکہ یہ معاملہ قتل کا ہے کیونکہ وہاں ایک آہنی سلاخ بھی پائی گئی۔ بنسل کو فوری طور پر ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ حملہ کی وجوہات ہنوز نامعلوم ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔