بہار میں نظم و قانون کی صورتحال ابتر

نئی دہلی ۔4 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج چیف منسٹر بہار نتیش کمار پر الزام عائد کیا کہ وہ ’’نئی پست سطح‘‘ تک سیاست کو پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے ریاست کے ملازمین پولیس کو جتن رام مانجھی کی قیامگاہ پر پہرہ داری کیلئے مقرر کیا ہے۔ اس کے بجائے کہ نظم و قانون کی صورتحال بہتر بناتے۔ بی جے پی کے قومی ترجمان شاہنواز حسین نے کہا کہ ریاست میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ڈکیتیاں اور قتل روز کا معمول بن گئے ہیں۔ جنگل راج ریاست بہار میں قائم ہوچکا ہے جہاں جرائم نے سابقہ تمام ریکارڈس توڑ دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو عوام کے تحفظ کے لئے تعینات کیا جانا چاہئے لیکن انہیں مانجھی کی قیامگاہ پر تعینات کیا گیا ہے۔ یہ انتہائی بدبختانہ ہے کہ ایسا اقدام حکومت کی جانب سے کیا گیا۔ نتیش کمار سیاست کو ایک نئی پست سطح پر پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار 6 پولیس ملازمین کی خدمات دہلی کو مستعار دے رہے ہیں جبکہ خود بہار میں پولیس فورس کی قلت ہے اور نظم و قانون کی صورتحال زوال پذیر ہے۔ ایک اور بی جے پی قائد سشیل کمار مودی نے چیف منسٹر بہار نتیش کمار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار کو عام جنتا کی نہیں بلکہ آم کی فکر ہے۔ دلتوں سے ان کی محبت صرف نمائشی ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہیکہ ان کے ارادے کیا ہیں۔ نتیش کمار پر 24 ملازمین پولیس کو بشمول انسپکٹرس و کانسٹیبلس آموں اور لیچی کے درختوں کی حفاظت پر تعینات کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حالانکہ مانجھی وزیراعظم کے عہدہ سے سبکدوش ہوچکے ہیں لیکن نتیش کمار کو ان کے گھر میں موجود آم اور لیچیوں کے درختوں کی فکر ہے۔ انہوں نے پولیس کو ان کی حفاظت پر تعینات کیا ہے حالانکہ ریاست میں پولیس فورس کی شدید قلت ہے۔ سینئر بی جے پی قائد سشیل کمار مودی نے کہا کہ جرائم پر قابو پانے کیلئے ان کے پاس پولیس نہیں ہے لیکن وہ آم اور لیچیوں کیلئے پولیس تعینات کررہے ہیں۔