بہار میں لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ نازک، نتیش کمار حکومت پر تنقید

پٹنہ ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن بی جے پی اور اس کی حلیف پارٹیوں نے آج بہار اسمبلی میں شوروغل کرتے ہوئے نتیش کمار حکومت پر تنقید کی کہ ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے۔ حال ہی میں چند اپوزیشن لیڈروں کی ہلاکت کے پس منظر میں اپوزیشن نے یہ مسئلہ اٹھایا۔ اس کی وجہ سے دونوں ایوان میں کارروائی ملتوی ہوگئی۔ ایوان کی کارروائی جیسے ہی شروع ہوئی، اپوزیشن لیڈر پریم کمار نے چار ارکان اسمبلی کی جانب سے پیش کردہ تحریک التواء کی نوٹس کی جانب نشاندہی کی اور اسپیکر وجئے چودھری پر زور دیا کہ وہ ایوان کی آج کی کارروائی میں دیگر مسائل پر بحث کرنے سے قبل اس مسئلہ کو اٹھانے کی اجازت دیں۔ کرسی صدارت پر فائز اسپیکر نے کہا کہ ایوان میں دیگر اوقات میں قواعد کے مطابق مسئلہ کو اٹھایا جائے گا۔ اس پر اپوزیشن مطمئن نہیں ہوئی اور ایوان کے وسط میں پہنچ کر مخالف حکومت نعرے لگائے۔