وزیر اعظم سے چیف منسٹر نتیش کمار کی نمائندگی
نئی دہلی ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اب جب کہ معمول سے بھی کم بارش کے باوجود ریاست بہار سیلاب کی سنگین صورتحال سے دوچار ہے ۔ چیف منسٹر نتیش کمار نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور اس مسئلہ پر مرکز سے مداخلت کی گذارش کی اور دریائے گنگا میں طغیانی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کا اصرار کیا کیوں کہ ہر سال دریا کا پانی چڑھ جانے سے بیشتر علاقے سیلاب کی زد میں آجاتے ہیں ۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد نتیش کمار نے بتایا کہ نریندر مودی نے ممکنہ تعاون کا تیقن دیا ہے جب کہ وزیر اعظم کو خود دریائے گنگا سے عقیدت ہے جس کی صفائی کے لیے گنگا پراجکٹ شروع کیا گیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بہار کی سنگین صورتحال پر فی الفور توجہ دہانی نہیں کی گئی تو یہ تصور کیا جائے گا کہ گنگا کے بارے میں بلند بانگ دعوے کیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ مشرقی بہار میں سیلاب کی ابتر صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک ٹیم روانہ کی جائے ۔ واضح رہے کہ بہار میں مانسون کے دوران 14 فیصد سے بھی کم بارش ہوئی لیکن نیپال اور پڑوسی ریاستوں مدھیہ پردیش اور جھارکھنڈ میں زور دار بارش کے باعث ریاست کے بیشتر علاقہ سیلاب میں محصور ہوگئے ہیں ۔۔